Wednesday, 11 November 2026, 03:06:13 am
 
وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انطالیہ پہنچ گئے
November 10, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں۔

انطالیہ ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔

وزیراعظم کوپ 31 انطالیہ سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات اور طے شدہ اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم مستقبل کے لیے قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔

سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت کوپ 31 میں شریک مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کوپ 31 کے دوران پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

گزشتہ کوپ کانفرنسوں میں پاکستان کی اہم کامیابیوں میں فعال موسمیاتی سفارت کاری شامل ہے، جس کے نتیجے میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (نقصانات اور تباہ کاریوں سے متعلق فنڈ) کی منظوری ہوئی۔