گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے۔ عوام اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ وہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
گورنر نے کہا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی و پرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔
فیصل کریم کنڈی نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے اجتناب کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔