امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سپورٹس کے ذریعے عالمی برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔
ان خیالات کااظہار سفیر پاکستان نے صدر ورلڈ بینک اجے بنگا سے ملاقات کے دوران کیا ۔
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان میں تیار کیا گیا آفیشل فٹ بال "ٹرائیونڈا" صدر ورلڈ بینک کو تحفے کے طور پر پیش کیا۔
اس موقع پر صدر ورلڈ بینک اجے بنگا نے پاکستان میں تیار کردہ اسپورٹس مصنوعات، خصوصا "ٹرائیونڈا" کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اعلی معیار کو سراہا۔
سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان میں تیار کردہ آفیشل فٹ بال کا انتخاب ملک کے لیے باعثِ فخر اور ایک اہم اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری اسپورٹس مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے سیالکوٹ عالمی شہرت کا حامل شہر ہے، جبکہ عالمی برادری کا اعتماد اور تعاون پاکستان کی اسپورٹس صنعت کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے ورلڈ بینک کے ساتھ طویل المدت شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے جاری اور آئندہ منصوبوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔