وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ نے کہا ہے کہ بجلی چوری اور اوور بلنگ کی روک تھام اور بلنگ کے نظام میں بہتری کے لیے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے انتظامات کرے گی جن کے تحت نجی سرمایہ کار نجکاری کے بعد بھی اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو آگے بڑھا سکیں۔
اجلاس میں ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں اور تمام کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام سے متعلق وزارتِ اقتصادی امور کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے بتایا کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام کے لیے فنڈز کے انتظام میں اب تک مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
اجلاس میں اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو نجکاری کے بعد جاری رکھنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی چوری روکنے، بلنگ کی درستگی بہتر بنانے اور صارفین کو اضافی بلوں سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ صارفین، سرمایہ کاروں اور حکومت کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں کے لیے کثیرالجہتی شراکت داروں سے مذاکرات نجکاری مکمل ہونے تک جاری رہیں گے۔ اگر اس دوران کسی ڈسکو کی نجکاری ہو جاتی ہے تو متعلقہ فنانسنگ اور ترقیاتی پروگرام طے شدہ انتظامات کے تحت نجی سرمایہ کار کو منتقل کر دیے جائیں گے۔
احد چیمہ نے کہا کہ نجی سرمایہ کار ڈسکوز میں نئے منصوبوں کا آغاز مسابقتی نظام اور نیپرا قوانین کے مطابق کریں گے۔ نجکاری کا مقصد اخراجات یا غیر ضروری دباؤ صارفین پر منتقل کرنا نہیں ہے۔ حکومت اس عمل میں سہولت فراہم کرے گی اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ سرمایہ کاروں کی مالی و معاہداتی ذمہ داریوں کی ادائیگی بھی یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔