Tuesday, 10 November 2026, 09:13:10 pm
 
پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حقوق کا تحفظ کرے گا، اسحاق ڈار
November 10, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حقوق کا بھرپور تحفظ اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گا۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ دو ہزار چھبیس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام کا انحصار معاہدے کی ذمہ داریوں کا احترام کرنے پر بھی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعے کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعے کو حل طلب چھوڑنے سے بداعتمادی برقرار رہتی ہے اور خطے کو بار بار بحرانوں سے دوچار ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان سے پھیلنے والی دہشت گردی بدستور سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کا تحفظ جاری رکھے گا جبکہ ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط افغانستان کے لیے کوششوں کی حمایت بھی کرے گا۔

امریکہ اور ایران کے تنازع کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رابطے برقرار رکھنے، مذاکرات کی بحالی اور مذاکرات کی میز پر واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور، خودمختاری کی برابری، علاقائی سا لمیت اور تنازعات کے پرامن حل پر مبنی منصفانہ عالمی نظام کے لیے پرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی سٹرٹیجک شراکت داری ہمارے خارجہ تعلقات کا بنیادی ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہے اور سعودی عرب، ترکیہ، مصر، ایران، خلیجی ممالک، یورپ، وسطی ایشیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنا رہا ہے۔