پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی ہنگامی امدادی اداروں نے آج رات سے ہفتے تک دونوں صوبوں کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔
دونوں اداروں کی جانب سے الگ الگ جاری اعلامیوں کے مطابق بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارش کے بعد میدانی علاقوں اور بعض مقامات پر دھند بھی چھا سکتی ہے، جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صوبائی ہنگامی امدادی اداروں کے ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں۔
شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔