Friday, 12 June 2026, 11:44:46 pm
 
پاکستان میں معاشی استحکام، سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں بہتری
June 10, 2026

سال 2026 میں پاکستان کی معیشت نے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری دکھائی ہے، جس میں سرمایہ کاری، برآمدات اور مالیاتی استحکام کے مثبت رجحانات سامنے آئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 163 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی سرمایہ کاری 1.35 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

اسی طرح ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو بڑھ کر 35.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ سال کے اختتام تک اس کے 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کا حجم ریکارڈ 12.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

عالمی سطح پر بھی متعدد بڑی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلانات کیے ہیں، جن میں گوگل، آرامکو، بی وائی ڈی، ویون، اے ڈی پورٹس، مشرق بینک اور ترکش پیٹرولیم شامل ہیں۔

مزید برآں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 5 لاکھ 45 ہزار نئے سرمایہ کار شامل ہوئے ہیں جبکہ 9 نئی کمپنیاں بھی مارکیٹ کا حصہ بنی ہیں، جس سے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق حکومتی معاشی اقدامات اور پالیسیوں نے مجموعی طور پر معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔