ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاک فضائیہ کے نورخان، مرید اور شورکوٹ ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے تاہم فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
آج صبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی کھلم کھلا جارحیت جاری رکھتے ہوئے کچھ دیر پہلے اپنے جنگی طیاروں سے میزائل داغے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے افغانستان میں بھی میزائل فائر اور ڈرون حملے کئے ہیں۔
بھارت اپنے جنگی جنون اور جارحیت سے پورے خطے کو ایک خطرناک جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم بھارت کو صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو اس کی طاقت اور جارحیت سے مرعوب نہیں ہو گی۔ اب آپ صرف ہمارے جواب کا انتظار کریں۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بعدازاں بھارتی میزائل حملے پر مزید تازہ ترین معلومات کے ساتھ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر میزائلوں کو مسلح افواج کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ چند میزائل جو پاکستانی حدود کے اندر گھسنے میں کامیاب ہوئے وہ بھی نقصان کے تخمینے کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق پاک فضائیہ کے اثاثوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے۔
انہوںنے کہا کہ مسلح افواج کا فضائی دفاعی نظام نے بھارت کے مطلوبہ مقاصد کو کامیابی سے روک دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے اپنے علاقے بھارتی پنجاب میں میں میزائلوں سے حملہ کرنے کے فوراً بعد برادر ہمسایہ ملک افغانستان پر بھی میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے۔ یہ عمل خطے اور اس سے باہر افراتفری پھیلانے کے ایک بڑے اورمذموم بھارتی منصوبے کا حصہ دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے پاس ان تمام میزائلوں کے الیکٹرانک دستخط موجود ہیں کہ وہ کہاں سے فائرکئے گئے اور کسے نشانہ بنایا گیا تھا۔