Monday, 09 November 2026, 09:16:53 pm
 
راولاکوٹ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی سندھ رینجرز کے نائیک شہید ہوگئے
November 09, 2026

راولاکوٹ میں آزاد جموں و کشمیر پولیس کی چوکی پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق، پانچ نومبر کو کالعدم تنظیم کے مسلح شرپسند عناصر نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں نائیک بوستان خان زخمی ہوئے تھے۔ 

شہید نائیک بوستان خان کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔ وہ سندھ رینجرز کے اہلکار تھے اور آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر امن و امان کے قیام میں معاونت کے لیے پولیس کے ساتھ تعینات تھے۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے نائیک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

پولیس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور نائیک بوستان خان کی شہادت انہی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ ایسی کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ ریاست عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر کالعدم تنظیم کے مسلح عناصر کے پُرتشدد طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے، جو عوامی حقوق کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔