Tuesday, 03 November 2026, 09:28:06 pm
 
وزیراعظم آزاد کشمیر کی راولاکوٹ کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل
November 03, 2026

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار گیلانی نے راولاکوٹ کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے راولاکوٹ کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ میں راولاکوٹ کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار انتخابات کے دوران عوام نے تقسیم کرنے والے بیانیے کے بجائے مسلسل علاقے کی ترقی اور بہتری کے مطالبات کیے ہیں۔

سید افتخار گیلانی نے عوام کی آمدورفت میں حائل رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے نظام تعلیم بری طرح متاثر ہوا اور مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ ایسی کسی تحریک کو پرامن قرار نہیں دیا جا سکتا جو بچوں کے اسکول جانے اور مریضوں کی ہسپتالوں تک رسائی میں رکاوٹ بنے۔