Saturday, 10 October 2026, 04:01:31 am
 
کل جماعتی حریت کانفرنس کا عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ
October 09, 2026

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی حالتِ زار کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے تنازعِ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے معاملے پر بھارت کے مسلسل تسلط اور ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام کو غاصب بھارت اور اس کے ہندوتوا نظریے کی حامل آر ایس ایس کی فرقہ وارانہ اور کشمیر مخالف پالیسیوں کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جنوبی ایشیا میں ایک اہم اور جوہری تصادم کا باعث بننے والا تنازع ہے، جسے پاکستان، بھارت اور کشمیر کی حقیقی قیادت کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے معاملے پر اپنا فوجی اور سخت گیر مؤقف ترک کرکے اس دیرینہ تنازع کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔