بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو علاقے میں وحشیانہ فوجی طاقت کے استعمال سے روکیں۔
ایک بیان میں حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت نے علاقے پر اپنا غیر قانونی کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے دس لاکھ سے زائد فوجی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں کو ظالمانہ قوانین کے تحت جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیریوں کو قتل کرنے، من مانی گرفتاریوں اور دیگر ذرائع سے ظلم و جبر کرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی ثقافتی شناخت مٹانے اور علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بھی ایک مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔