فائل فوٹو
کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
حریت کانفرنس کے ارکان نے سری نگر میں آج ایک اجلاس میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہر عمر اور جنس کے کشمیریوں، بالخصوص نوجوانوں کو بھارتی فورسز اور ایجنسیوں کی جانب سے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اوران کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ اگست دو ہزار انیس سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کے تحت بھارتی فورسز نے گرفتاریوں، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
اجلاس میں مودی حکومت پر زور دیا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، جو بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ کسی بھی قسم کی سفاکیت کشمیریوں کو زیر نہیں کر سکتی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی آزادی کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے کے ان کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔