فائل فوٹو
بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے راجوری، ادھم پور اور جموں کے کئی اضلاع میں چوکیوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ گھروں پر چھاپوں اور نگرانی میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر بالخصوص سری نگر، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام، پلوامہ، بڈگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں لوگوں کی تلاشی اور گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی چیکنگ روزمرہ زندگی کا معمول بن چکی ہے۔
ضلع اسلام آباد میں کاونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران رہائشیوں کو ہراساں کیا اور ان سے گھر اور بینک کی دستاویزات کے علاوہ موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسلسل ہلاکتوں، گرفتاریوں، ہراساں کیے جانے اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں نے بی جے پی حکومت کے امن اور ترقی کے کھوکھلے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔