Friday, 02 October 2026, 08:02:44 am
 
مقبوضہ جموں و کشمیر میں رواں سال کے پہلے نو ماہ میں 26 کشمیری شہید
October 01, 2026

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں کے دوران رواں سال کے پہلے نو ماہ میں چھبیس کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس شعبہ تحقیق کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فوج، راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، اسپیشل آپریشنز گروپ اور کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی سمیت دیگر اداروں نے ایک ہزار نو سو تین محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران چار ہزار سات سو اڑتیس شہریوں کو گرفتار کیا۔ اس عرصے کے دوران کم از کم باون شہری زخمی ہوئے جبکہ کشمیریوں کی دو سو ترانوے جائیدادیں بھی ضبط کی گئیں۔

صرف گزشتہ ماہ پانچ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں شہید کیا گیا جبکہ چونتیس شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں حکام ایک نئی میڈیا پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس کا مقصد علاقے میں آزاد صحافت اور آزادی اظہار کے دائرہ کار کو مزید محدود کرنا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت صحافیوں اور میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف ظالمانہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جا سکیں گے۔