گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چینی سرمایہ کاروں کو صوبے کے قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وہ چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے گورنر ہاؤس پشاور میں اُن سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع خصوصاً معدنیات کے شعبے میں امکانات اور صوبے کے اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے مالا مال ہے جہاں کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں قائم اقتصادی زونز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔