بلوچستان کے گورنر جعفر خان مندوخیل نے لاہور میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتِ حال، بین الصوبائی تعاون اور قومی یکجہتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں گورنرز نے پنجاب اور بلوچستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے درمیان طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں سمیت تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ادارہ جاتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے طلبہ کو پنجاب کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ہر ممکن تعاون بھی کیا جائے گا۔
گورنر بلوچستان نے دونوں صوبوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے گورنر پنجاب کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت دی۔