آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر نے 7 تا 9 جولائی کے دوران جے ایس آر / سکردو - رونڈو روڈ پر مٹی کے تودے گرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ای او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اور متعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔
شمالی علاقہ جات میں بارشوں اور زمینی کٹاؤ کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔
اگلے دو روز میں سکردو اور ملحقہ علاقوں بشمول برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس - ٹورمک - ہراموش سیکشن میں مقامی سطح پر مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ مقامی نالوں میں کٹاؤ اور مٹی و پتھروں کے تودوں کی حرکت سے سفر کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
لہذا مسافر و سیاح پہاڑی اور مٹی کے تودے گرنے والے مقامات پر مکمل احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب سے آمدورفت میں احتیاط برتیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
عوام مستند اطلاع و حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔