آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے چھ سے دس جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ جاری کر دیا۔
این ای او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔
چھ جولائی سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سات سے دس جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سات جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو موسمی صورتحال، سفری ہدایات اور سرکاری الرٹس پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہری تازہ ترین موسمی صورتحال،ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔