Thursday, 05 November 2026, 09:19:00 pm
 
کشمیری کل یومِ شہدائے جموں منائیں گے
November 05, 2026

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یومِ شہدائے جموں منائیں گے۔

یہ دن کشمیری عوام کے اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے شہدا کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

چھ نومبر انیس سو سینتالیس کو مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ افواج، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسند گروہوں نے لاکھوں کشمیریوں کا قتلِ عام کیا تھا۔

یہ قتلِ عام جموں کے مختلف علاقوں میں ہوا تھا۔ متاثرین نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔

آزاد جموں و کشمیر میں کل عام تعطیل ہوگی۔ دن کا آغاز مساجد میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سلامتی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔

کشمیر لبریشن سیل، حریت اور مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ریاست کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں، مظاہرے اور احتجاجی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

یومِ شہدائے جموں کی مرکزی تقریب مظفرآباد میں ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر کے تینوں ریڈیو اسٹیشنز یومِ شہدائے جموں کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔