کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ اور اس کی ظالمانہ پالیسیاں جنوبی ایشیا میں امن کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور علاقائی سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ بات کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے یوم سیاہ منانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور بیرون ملک مقیم کشمیری برادری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنے مادرِ وطن پر بھارت کا جبری قبضہ ہرگز قبول نہیں کریں گے اور ہر قیمت پر اس کی فوجی جارحیت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے غاصبانہ عزائم علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کئی عشروں سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
حریت کانفرنس نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔