کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ستائیس اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے تاکہ بھارت کے جموں و کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضے کے باعث پیدا ہونے والے ممکنہ تباہ کن حالات کی جانب عالمی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔
ستائیس اکتوبر انیس سو سینتالیس کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی مکمل خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اس پر قبضہ کر لیا تھا۔
سرینگرسے جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ منگل کو یوم سیاہ منائیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی فوری ضرورت کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کیا جا سکے اور ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے جس کے عالمی امن پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے منگل کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی بھی اپیل کی۔