بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
ایک بیان میں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی نوآبادیاتی اقدامات، خصوصاً رہائشی مکانات ضبط کرنے کے واقعات میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو خوفزدہ کرنا اور انہیں تحریک آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے۔
بھارتی حکام نے ضلع اسلام آباد میں کشمیریوں کے مزید دو مکانات ضبط کر لیے ہیں۔
کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں جائیدادوں سے محروم کرنے اور ضبط شدہ اثاثے غیر کشمیریوں کو منتقل کرکے علاقے کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے لیے کسی نہ کسی بہانے مکانات، زمینوں اور دکانوں کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔