Tuesday, 06 October 2026, 04:25:27 am
 
ڈی آئی جی اسلام آباد کی سی ٹی ڈی کو امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے کی ہدایت
October 05, 2026

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے سی ٹی ڈی کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران دیں۔ اس موقع پر انہیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی، دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم تفتیشی و آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈی آئی جی نے انسدادِ دہشت گردی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور جاری تفتیشی و آپریشنل امور کا جائزہ لیا اورافسران و جوانوں کو دہشت گرد عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور مربوط حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کی زیرِ صدارت اسلام آباد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور دیگر صوبوں کے متعلقہ افسران کے ساتھ زوم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں سی ٹی ڈی کی مجموعی کارکردگی، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات، سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور باہمی رابطہ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔