آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری، تیز ہواؤں اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر اور کھرمنگ جبکہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔
شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دی گئی ہیں۔ شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ سکردو روڈ شامل ہیں۔
کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور وادی چترال کے پہاڑی مقامات پر سیاحتی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے بروقت معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔