آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے کل سے جمعے تک ملک کے مختلف حصوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا موسمیاتی انتباہ جاری کیا ہے۔
انتباہ میں محکمہ موسمیات کی تفصیلی پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کل سے مغربی لہر ملک کا رخ کرے گی جس سے تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
شمال مشرقی بلوچستان اورسندھ کے بالائی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر سمیت گلگت بلتستان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے حساس علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔