Monday, 05 October 2026, 03:40:21 am
 
صدر اور وزیراعظم کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
October 04, 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لینے اور فتنہ الخوارج کے تین اہم سرغنوں کے خاتمے پر بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی اور مقامی سہولت کاروں کی مدد سے سرگرم عمل دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عزم استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو ملکی امن و سلامتی کی خاطر قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔