پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کو آزاد جموں و کشمیر کے معاملے پر بلاجواز الزام تراشی کی بجائے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشورکے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو مکمل شہری اور سیاسی حقوق حاصل ہیں اور وہ اپنے جمہوری مستقبل کی تشکیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے وقار کو برقرار رکھنے، ان کے حقوق کے تحفظ سمیت پرامن اجتماع اور احتجاج کا حق، ان کے جذبات کا احترام، اور ان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
اس کے بالکل برعکس، بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں کوایک بھیانک حقیقت کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وحشیانہ طاقت کا استعمال، بنیادی آزادیوں سے انکار اور انسانی حقوق کی منظم اور سنگین خلاف ورزیاں بے گناہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا احترام کرنا چاہیے،جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں بھی کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کاواحد راستہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔