Monday, 06 July 2026, 12:48:59 am
 
وزیراعظم کی ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت
July 04, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے یہ دعوت استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپس کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران دی۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے غیرمعمولی تعلقات کو اقتصادی اور سرمایہ کاری پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چالک ہولڈنگ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجکاری کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے میں کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں البیرک گروپ کی دیرینہ سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان کی مواصلاتی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں کمپنی کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بحری انفراسٹرکچر، بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور لاجسٹکس کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی ترغیب دی۔

ترکیہ کی یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکس چینجز کے صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروباری سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے تنظیم کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے TOBB کو دعوت دی کہ وہ سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کا براہِ راست جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرے۔

ترک کاروباری رہنماؤں نے حکومت پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔