Monday, 06 July 2026, 12:48:51 am
 
کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشانِ حیدر کا 27 واں یومِ شہادت آج منایا گیا
July 05, 2026

کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشانِ حیدر کا 27 واں یومِ شہادت آج منایا گیا۔

وہ 1970 میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پیدا ہوئے۔

1999 میں کنٹرول لائن پر کارگل جنگ کے دوران انہوں نے غیر معمولی بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا اور گلتری کے علاقے میں 17 ہزار فٹ کی بلندی پر پانچ اہم چوکیوں کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا۔

کیپٹن کرنل شیر خان 1999 ء میں آج کے روز وطن کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرگئے۔ ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزازنشانِ حیدرسے نوازا گیا۔

صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دشمن کے خلاف جنگ میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بے مثال بہادری، جرات اور عظیم قربانی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں صد نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاداری، فرض شناسی اور عظیم قربانی کی ان کی لازوال میراث آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج اور سروسز چیفس نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بے مثال بہادری، غیر متزلزل عزم اور وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی آج بھی پاکستانی قوم کی نسلوں کے لیے بہادری، حب الوطنی اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی روشن مثال ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ان اعلیٰ اصولوں کی پاسداری جاری رکھیں گے جن کے لیے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی عظیم قربانی کی داستان قومی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔