Monday, 06 July 2026, 12:46:35 am
 
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں: احسن اقبال
July 05, 2026

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار ترقی اور اقتصادی انقلاب کی جانب پاکستان کے سفر میں بھرپور انداز میں حصہ لیں۔

انہوں نے یہ بات آج فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے انچاس ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا انحصارتعلیم، صحت کی دیکھ بھال، بہبود آبادی، جدت اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور بیرون ملک مقیم پاکستانی پروفیشنلز کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے پر منحصر ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو اپنی مہارت سے دوسروں کو فائدہ پہنچانے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے ایک جدید ٹیلی میڈیسن بیک اپ ماڈل تجویز کیا جس کے تحت پاکستان کے ساٹھ اضلاع میں سے ہر ایک کے لیے امریکہ میں مقیم دس طبی ماہرین کا ایک پینل قائم کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی استحکام میں نئے پیدا ہونے والے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔