Monday, 06 July 2026, 12:43:43 am
 
پاکستان، ترکیہ مضبوط شراکت دار کے طور پر بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہیں ، نائب وزیراعظم
July 04, 2026

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ خوشحالی، جدت اور علاقائی استحکام کیلئے مضبوط شراکت دار کے طور پر مل کر بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے استنبول میں پاکستان-ترکیہ کاروباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے علاقائی امن و سلامتی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی اور اہم قومی مفادات کے تحفظ میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یورپ، ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہیں اور اس اہم تذویراتی، جغرافیائی محلِ وقوع کو دونوں ممالک کے لیے معاشی فائدے میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔اسحاق ڈار نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

دریں اثنا، وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے بجلی کے شعبے میں دور رس ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ہیں، جس سے گزشتہ دو سالوں کے دوران تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی اور نقصانات میں 45 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں ترکیہ کے سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ازسرِنو تشکیل کی گئی ہے اور انہیں ایک وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت نجکاری کیلئے تیار کیا گیا ہے جس میں کارکردگی، شفافیت اور خدمات کی فراہمی میں بہتری پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے ۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نقصانات کو کم کرنے، بجلی چوری کی روک تھام اورشفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بجلی کے میٹرنگ نظام کی جدید کاری اور ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ اگلے دو سے تین سالوں میں ایک ارب ستر کروڑ ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی ترسیل کا شعبہ اگلے چار سالوں میں تقریباً تراسی کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا ایک اضافی موقع فراہم کرتا ہے جبکہ دو منتخب کردہ کلسٹرز کی مالیت 51 کروڑ اَسی لاکھ ڈالر ہے۔

اس سے قبل وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ارضیاتی ہائیڈرو کاربن کی وسیع مقدار موجود ہے جس کے زیادہ تر حصے سے ابھی استفادہ نہیں کیا گیا۔

وہ آج استنبول میں پاکستان-ترکیہ تجارتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر Cevdet Yilmazنے بھی شرکت کی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کے قابل دریافت گیس کے ذخائر کا تخمینہ لگ بھگ تئیس ٹریلین کیوبک فٹ ہے، جو بڑے خفیہ ذخائر کامعمولی حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گیس کی موجودہ پیداوار تقریبا تین ارب کیوبک فٹ یومیہ ہے جبکہ طلب تقریبا چار ارب کیوبک فٹ ہے، جس سے ملک توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سالانہ تقریبا چار ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی درآمد کرنے پر مجبور ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تیل کے ذخائر کا تخمینہ چوبیس کروڑ بیرل ہے جس کی یومیہ پیداوار تقریباً پینسٹھ  ہزار بیرل ہے۔