وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی قابل اعتماد سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ آج استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
شہباز شریف نے دوطرفہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون پر جامع اور نتیجہ خیز بات چیت کی اور پانچ ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ترک جمہوریہ کے شمالی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کیلئے پاکستان کی حمایت کا بھی اظہار کیا اور جموں و کشمیر کے عوام اور ان کے حقِ خود ارادیت کیلئے مسلسل حمایت پر انقرہ کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو ثالثی کے عمل میں پیشرفت کے حصول میں ان کی قابل قدر کوششوں پر مبارکباد دی۔
ترک صدر نے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کی شدید مذمت کی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور انہوں نے دفاعی تعاون کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے اہم ستونوں میں سے ایک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، نقل و حمل، اہم معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔