Monday, 06 July 2026, 12:45:39 am
 
وزیراعظم کا پاکستان، ترکیہ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور
July 04, 2026

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان ترکیے تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی طحہ کوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج استنبول میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے علاقائی ڈیجیٹل روابط مضبوط بنانے، دوسرے ملک کو ڈیٹا کی محفوظ فراہمی میں سہولت دینے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں پیشرفت کیلئے پاکستان-ترکیہ ڈیجیٹل راہداری کے قیام کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔

پاکستان کے تیزی سے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ترک سیل کو پاکستانی اداروں کے ساتھ 5G کے استعمال، نیٹ ورک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے، سپیکٹرم مینجمنٹ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت طویل المدتی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے کمپنی کو ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی مقامی سطح پر تیاری، سافٹ ویئر کی تیاری، ڈیجیٹل مہارتوںمیں اضافے اور صلاحیت بڑھانے میں شراکت داری پر غور کرنے کیلئے حوصلہ افزائی بھی کی۔