Saturday, 04 July 2026, 12:25:37 am
 
وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے
July 03, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے۔

استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کے وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِاطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پراستنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک ۔ ترکیہ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ملاقات میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف استنبول میں قیام کے دوران، پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی، بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔