Saturday, 04 July 2026, 12:27:47 am
 
وزیراعظم کی ایران کے مرحوم سپریم لیڈر، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت
July 03, 2026

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ  میں شرکت کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔

اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔

نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم، جو آج ہی تہران پہنچے تھے، اپنے سرکاری دورہ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔