وزیر اعظم شہباز شریف نے وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج اسلام آباد میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیر مجاز سرنجوں کے استعمال میں ملوث افراد اور ہسپتالوں یا ان کے استعمال کی روک تھام میں مجرمانہ غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
شہباز شریف نے متعدی امراض پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات تجویز کرنے کے لیے ماہرین کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے وزارت قانون کو قانونی اور ریگولیٹری لائحہ عمل کے لیے ضروری ترامیم تجویز کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔
شہبازشریف نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو بھی ہدایت کی کہ وہ طبی آلات تیار کرنے والی صنعت سے مشاورت کرے اور سرنجوں کے ذریعے وبائی امراض کے پھیلاؤ کو مستقل طور پر روکنے کیلئے پالیسی اقدامات تجویز کرے۔