Saturday, 04 July 2026, 12:24:54 am
 
وزیراعظم آج ایران اور ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے
July 03, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سے اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے دیگر وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعظم پہلے ایران جائیں گے، جہاں وہ مرحوم رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم، پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کریں گے اور اس دکھ کی گھڑی میں برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول جائیں گے۔

دورے کے دوران دونوں رہنما پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کے تمام اہم شعبوں پر بات کریں گے۔ جس میں خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خطے میں امن اور سیکیورٹی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

استنبول میں قیام کے دوران وزیراعظم ایک کاروباری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس کا اہتمام پاکستان کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا، جن میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، تجارت، آئی ٹی اور نجکاری کے شعبے شامل ہیں۔