Tuesday, 03 November 2026, 01:29:38 am
 
وزیر اطلاعات کی پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی مرکز بنانے کی ہدایت
November 02, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی مرکز بنانے اور نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کریں۔

انہوں نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں پی ٹی وی اکیڈمی کی بحالی کیلئے اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارت اطلاعات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی اور پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ حکومت کی میڈیا اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے شفاف اور عملی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، تاکہ تربیتی پروگراموں کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ، ایڈیٹنگ، کلر گریڈنگ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں عملی مہارتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔