وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پچھلے مالی سال میں 12.957 کھرب روپے کے محصولات کا ہدف عبور کرنے پر ایف بی آر کے افسران کی ستائش کی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں ایف بی آر کے سینئر افسران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال 26-2025 کے لیے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا ایک سنگِ میل ہے۔میں آپ سب کو فرداً فرداً اور ایف بی آر کے تمام عملے کو اجتماعی طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں تقریباً 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے کاروباری برادری کو سہولت اور برآمدات کے فروغ میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز اور افسران اسی جذبے سے کام کرتے ہوئے رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں گزشتہ اڑھائی سال سے جاری اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن پر توجہ اور ٹیم ورک کی بدولت ایف بی آر ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے امور پر مہینے میں دو دفعہ جائزہ اجلاسوں کی صدرات میں نے خود کی کیونکہ ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی یقینی بنائی۔ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیںہے۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان، کاروباری و صنعتی برادری کو سہولیات کی فراہمی آپ کی ترجیح ہونی چاہئے۔ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کی رفتار مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی ایف بی آر اصلاحات کی اولین ترجیحات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل ایک ڈیجیٹل اور کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا۔
انہوں نے پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی اور سروس کو مزید بہتر بنانے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال ، سیکرٹری خزانہ امداد بوسال، معاشی ٹیم کے دیگر اراکین اور ایف بی آر افسران کی کارکردگی کی پذیرائی کی۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اسمگلنگ کی روک تھام اور ایف بی آر افسران کو سکیورٹی فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن افسران نے ملک کے دور دراز علاقوں میں اپنی جانوں پر کھیل کر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے نفاذ میں اپنا کردار ادا کیا ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
افسران کے وفد نے ایف بی آر پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے اور کارکردگی کو سراہنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے شرکا نے وزیراعظم کو ملک کے مختلف علاقوں کی فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔