Saturday, 04 July 2026, 12:28:28 am
 
بھارت نے تین ہزار سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے، حریت کانفرنس
July 02, 2026

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے حریت رہنماؤں سمیت تین ہزار سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے اور سیاسی ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کی قید کو طول دے رہا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ بھارت بدنام زمانہ تفتیشی اداروں کو کشمیریوں کو ان کے سیاسی عزائم پر نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے جیل میں بند حریت رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر نظربندوں کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل جبر کے باوجود ان کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ادھر ضلع راجوری کے جنگل والے علاقوں ڈوریمل اور گمبھیر مغلان میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی مسلسل اکتالیسویں روز بھی جاری رہی۔

ہیلی کاپٹروں، ڈرونز اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے ہزاروں بھارتی فوجی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ فوجی قریبی گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں اور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سری نگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرکے کچھ حاصل نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل قرار دیا جہاں لوگ اظہار رائے کی آزادی کے حق سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بدستور سیاسی بے چینی کا سامنا ہے اور وہ خود کو بے بس اور لاوارث محسوس کر رہے ہیں۔