Friday, 02 October 2026, 08:54:34 am
 

مزید خبریں

 
ریڈیو پاکستان ملتان کا دو روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر
October 01, 2026

ریڈیو پاکستان ملتان کے زیر اہتمام پیشہ ورانہ مہارت اور جدید نشریات کے موضوع پر دو روزہ تربیتی پروگرام آج اختتام پذیر ہوگیا۔

اس پروگرام کا انعقاد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی ہدایت پر ریڈیو پاکستان کے پریزنٹرز، کمپیئرز، نیوز ریڈرز، انٹرنز اور ریڈیو جوکیز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں مضبوط بنانے اور انہیں نشریات میں نئے رجحانات اور تکنیک سے روشناس کرانے کے اقدام کے طور پر کیا گیا۔

تربیتی پروگرام کے دوران معروف نشریاتی ماہرین پروفیسر خالد وکیل خان، خورشید احمد ملک، منظور کامران، آصف خان، ریاض میلسی، ڈاکٹر خالد اقبال، سجاد احمد بری اور انجینئر عبد الوحید نے پیشکش کی مہارت، آواز میں اتار چڑھاؤ، پروگرام کی تیاری، ڈیجیٹل میڈیا اور جدید نشریات کے دوسرے پہلوؤں پر تربیتی نشستیں کیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب میں مقررین نے بدلتے ہوئے نشریاتی منظرنامے سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ ترقی اور جدید ٹیکنالوجیز کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

شرکا نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرام سے انہیں قیمتی پیشہ ورانہ معلومات اور عملی مہارتیں ملی ہیں۔

انہوں نے پروگرام کے دوران حاصل کی گئی معلومات کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اختتامی تقریب میں اعلیٰ حکام، ماہرین اور دیگر افراد نے شرکت کی۔