وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں ملک میں دانش سکولز اور دانش یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنانے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف نے یہ ہدایت بھی کی کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
انہوں نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے تیز پیش رفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کی پذیرائی کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش سکول کُری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور سکول میں تدریس کا آغاز ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانچھے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کو ہے اور اپریل 2027 سے کلاسز شروع ہو جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دانش یونیورسٹی میں2027 سے کلاسز کا آغاز ہوگا اور ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں سے میرٹ کی بنیاد پر طلبا کو داخلہ دیا جائے گا۔