Sunday, 01 November 2026, 03:05:57 pm
 
پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی
October 31, 2026

پاکستان نے سہ فریقی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کامینڈو مینڈس 131 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ پاون رتھنایاکے نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 326 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 127، سعد بیگ نے 74 جبکہ عرفات منہاس نے محض 31 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تین ملکی ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، محنت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے تین ملکی ون ڈے سیریز میں شریک تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی مبارکباد دی۔

صدر مملکت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو تین ملکی سیریز کے کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت ہے۔