مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے گیارہ ارب اکہتر کروڑ چالیس لاکھ روپے مالیت کے تین ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔
سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں دو منصوبے مزید غور کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی، ایکنک کو بھیجنے کی سفارش بھی کی گئی۔
منظور کیے گئے منصوبوں میں گلگت میں چار ارب نوے کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے میڈیکل اینڈ نرسنگ کالج کا قیام، ڈیفنس کمپلیکس اسلام آباد میں دو ارب ستر کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ایف سی ایس کیمپس کا قیام اور ضلع اورکزئی میں زیڑہ سے دبوری تک چار ارب روپے سے زائد کی لاگت سے سڑک کی تعمیر شامل ہے۔
انیس ارب روپے سے زائد مالیت کے کراچی نیبرہُڈ امپروومنٹ پروجیکٹ اور بلوچستان سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے تیسرے مرحلے کے تحت میرانی ڈیم سے گوادر ٹاؤن تک پانی کی فراہمی کی اسکیم، جس کی لاگت 29 ارب روپے ہے، کو ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔