صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ترکیہ کے یوم فتح کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ایک منفرد اور دیرپا تعلق قائم ہے، جو گہری تاریخی وابستگی، مشترکہ مذہب اور باہمی تعاون پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیس اگست انیس سو بائیس کی عظیم فتح ترکیہ کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔
صدر نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ملکوںکے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بہادری اور قومی عزم کی قابل فخر میراث کو خراج تحسین پیش کرنے میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ شریک ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات دلوں کے رشتے ہیں، جو صدیوں پر محیط مشترکہ مذہب، تاریخ اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے اپنے دیرپا تزویراتی بھائی چارے کو مزید مضبوط کیا ہے، جو سلامتی اور مشترکہ دفاع کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی کے لیے ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور بھائی چارے کا رشتہ آئندہ نسلوں تک مزید فروغ پاتا رہے گا۔