کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اگلے ماہ کی پہلی تاریخ کو شہید بزرگ مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی کی شہادت کی پانچویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کریں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک جاری بیان میں کشمیریوں سے کہا کہ وہ مرحوم رہنما کی قبر پر حاضری دیں اور کشمیر کے نصب العین کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کریں۔
ترجمان نے سید علی گیلانی کو فولادی عزم کے حامل ایسے رہنما قرار دیا جنہوں نے بھارتی مظالم کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی۔
ادھر بھارتی فوج نے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے ساتھ مینڈھر میں تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایسے اقدامات کا مقصد غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے اور اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو سزا دینا ہے۔
دوسری جانب، سری نگر کے تاجروں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے اسے ایک آمرانہ اقدام قرار دیا ہے جس نے کاروباروں اور گھرانوں پر معاشی بوجھ میں اضافہ کر دیا ہے۔
بھارتی لیفٹیننٹ کرنل ڈی ماجی کو مالی بدعنوانی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے جرم میں ایک سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔