قرآنِ کریم کی تلاوت ، سماعت اور فہم کے فروغ میں ریڈیو پاکستان کا تاریخی کردار
(پاکستان میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت ، ۲۴ تا ۲۶ نومبر ۲۰۲۶ء کے تناظر میں خصوصی تحریر)
۱۳اور ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء، بمطابق ۲۶ اور ۲۷ رمضانُ المبارک ۱۳۶۶ ہجری کی درمیانی شب، ڈھاکہ ریڈیو اسٹیشن سے نذیر احمد کے بنگالی زبان میں افتتاحی اعلان کے فوراً بعد تلاوتِ قرآنِ کریم نشر ہوئی۔ لاہور ریڈیو اسٹیشن سے ظہور آذر اور مصطفیٰ علی ہمدانی نے بالترتیب انگریزی اور اُردو میں، جب کہ پشاور ریڈیو اسٹیشن سے آفتاب احمد بسمل اور عبداللہ جان مغموم نے بالترتیب اُردو اور پشتو میں قیامِ پاکستان کے اعلانات کیے۔ ان افتتاحی نشریات میں لاہور سے مولانا قاری زاہر القاسمی اور پشاور سے قاری فدا محمد کی آواز میں تلاوتِ کلامِ پاک نشر ہوئی۔
یوں ریڈیو پاکستان کے نشریاتی سفر کا آغاز نُورِ قرآن سے ہوا ، جو بفضلِ خداوند کریم گزشتہ آٹھ دہائیوں سے اِس قومی ادارے کی نشریاتی روایت کو مُنوّر کرتا چلا آرہا ہے۔ قرآنِ کریم کے نُور اور وسیلۂ ہدایت ہونے کا اعلان و اقرار خود اس کلامِ الٰہی میں رقم ملتا ہے:
وَلَٰكِنْ جَعَلْنَاهُ نُورًا نَهْدِي بِهِ مَنْ نَشَاءُ مِنْ عِبَادِنَا
ترجمہ: لیکن ہم نے اسے ایک نُور بنایا، جس کے ذریعے ہم اپنے بندوں میں سے جسے چاہتے ہیں ہدایت دیتے ہیں۔ (الشوریٰ: ۵۲)
دیکھا جائے تو یہ امر قیامِ پاکستان کی نظریاتی اساس سے عین مطابقت رکھتا تھا کہ جس تاریخی شب لاہور، پشاور اور ڈھاکہ کے نشریاتی مراکز آل انڈیا ریڈیو سے پاکستان براڈکاسٹنگ سروس میں تبدیل ہو رہے تھے، تینوں مراکز کی افتتاحی نشریات میں تلاوتِ کلامِ پاک کو اوّلین مقام حاصل ہوا۔
۱۴اگست ۱۹۴۷ء کو وجود میں آنے والے پاکستان کی اساس دو قومی نظریے کو قرار دیا جاتا ہے۔ یہ نظریہ دراصل اسی حقیقت کا بیان تھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا سرچشمۂ ہدایت قرآنِ کریم اور اُسوۂ حسنۂ رسولِ اکرم ﷺ ہے۔ اس نظریے کے مطابق مسلمانوں کے عقائد و نظریات، تہذیب و تمدّن، طرزِ معاشرت اور فکر و نظر ہندوؤں سے قطعی جدا تھے، لہٰذا برصغیر کے مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک علیحدہ خطّۂ ارض اُن کا آزاد اور خودمختار وطن ہونا چاہیے۔
قرآنِ کریم کو مسلمانوں کی زندگی کا منبعِ ہدایت و رہنمائی قرار دینے کا یہی تصوّر مُفکّرِ پاکستان، حکیمُ الامّت علامہ محمد اقبالؒ کے ایک فارسی شعر میں کچھ یوں ملتا ہے:
گر تُو میخواہی مسلماں زیستن
نیست ممکن جُز بہ قرآں زیستن
(بحوالہ: ’رموزِ بے خودی‘، ’در معنی اینکہ نظامِ ملّت غیر از آئین صورت نبندد و آئینِ ملّتِ محمدیہ قرآن است‘)
ترجمہ: اگر تم مسلمان کی حیثیت سے زندہ رہنا چاہتے ہو تو قرآن کے مطابق زندگی بسر کیے بغیر یہ ممکن نہیں۔
بانیٔ پاکستان، قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی اپنے ایک پیغام میں یہی بات کچھ اس طرح بیان فرمائی:
’’ہماری رہنمائی اور فکری روشنی کے لیے قرآنِ کریم کا عظیم پیغام ہمارے پاس موجود ہے۔‘‘ (مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن، صوبہ سرحد کے نام پیغام، ۴ اپریل ۱۹۴۳ء)
قیامِ پاکستان کے بعد بھی اپنے ایک خطاب میں بابائے قوم نے اس حقیقت کا اعادہ کرتے ہوئے فرمایا:
’’اگر ہم قرآنِ کریم سے ولولہ اور رہنمائی حاصل کریں تو میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ آخری فتح ہماری ہوگی۔‘‘ (یونیورسٹی اسٹیڈیم، لاہور میں جلسۂ عام سے خطاب، ۳۰ اکتوبر ۱۹۴۷ء)
ریڈیو پاکستان کی قرآنِ کریم سے وابستگی کا یہ اظہار محض اس تاریخی شب تک محدود نہیں رہا بلکہ آنے والے برسوں میں قرآنِ کریم کی تلاوت، ترجمے، تفسیر اور تفہیم و ترویج کا اہتمام اس قومی ادارے کی مستقل نشریاتی شناخت بن گیا۔
قیامِ پاکستان کی تاریخی شب تلاوتِ قرآنِ کریم سے شروع ہونے والا یہ نشریاتی سفر آگے بڑھا تو ریڈیو پاکستان کے تینوں نشریاتی مراکز سے روزانہ کی نشریات کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کرنے کی روایت قائم ہوئی۔ ۱۹۴۸ء میں کراچی اور ۱۹۵۰ء میں راولپنڈی کے علاقائی نشریاتی مراکز کے قیام سے اس نشریاتی سلسلے کو مزید وسعت ملی۔ ان مراکز سے بھی تلاوتِ قرآنِ کریم کے ساتھ ترجمۂ قرآن اور درسِ قرآن کا اہتمام کیا جانے لگا، جب کہ روزانہ کی نشریات کا اختتام بھی قرآنِ کریم کی ایک آیت کی تلاوت پر کرنے کی روایت پروان چڑھی۔
یوں ریڈیو پاکستان کے سامعین اپنے دن کا آغاز بھی کلامِ الٰہی سے کرتے اور شب کے اختتام پر بھی قرآنِ کریم ہی سے ہدایت و رہنمائی حاصل کرتے۔
ریڈیو پاکستان کراچی سے ممتاز عالمِ دین مولانا احتشامُ الحق تھانویؒ کے درسِ قرآنِ مجید کا سلسلہ شروع کیا گیا، جو لاہور، پشاور اور راولپنڈی کے نشریاتی مراکز سے بھی نشر ہوتا تھا، جب کہ ڈھاکہ کے نشریاتی مرکز سے ہفتے میں چار روز بنگالی اور تین روز اُردو زبان میں درسِ قرآنِ مجید نشر کیا جاتا تھا۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۵۴ تا ۵۵)
ریڈیو پاکستان نے فہمِ قرآنِ کریم کے فروغ کے ساتھ ساتھ فنِ قرأت کی سرپرستی اور تلاوتِ کلامِ پاک کے نشریاتی معیار کو برقرار رکھنے پر بھی ابتدا ہی سے خصوصی توجّہ دی۔ اس مقصد کے لیے ممتاز علمائے کرام اور ماہرینِ زبانِ عربی کی معاونت سے قرّاء کرام کے باقاعدہ انتخاب کا اہتمام کیا گیا۔
۱۹۵۰ء میں حکومتِ پاکستان نے ریڈیو پاکستان سے تلاوتِ قرآنِ کریم کے لیے قرّاء کرام کے انتخاب کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی، جس کے ارکان میں ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، سعودی عرب کے سفارتی نمائندے السیّد عبدالحَمید الخطیب، مولانا احتشامُ الحق تھانویؒ، چوہدری اکبر حسین، زیڈ اے بخاری، رسالہ ’البشیر‘ کے مدیر ایس خورشید اور ریڈیو پاکستان کراچی کی بیرونی نشریات کے عربی شعبے کے نگران کے حیدر شامل تھے۔
اس کمیٹی نے ملک بھر کے قرّاء کرام کی تلاوت سننے کے بعد کراچی کے قاری زاہر القاسمی کو متّفقہ طور پر اوّل، لاہور کے قاری عبدالرّحمٰن کو دوم اور قاری اخلاق احمد کو سوم قرار دیا۔ اس انتخاب کے نتیجے میں قاری زاہر القاسمی نے ۱۴ اگست ۱۹۵۰ء سے ریڈیو پاکستان کی نشریات میں باقاعدگی سے تلاوتِ قرآنِ کریم کا سلسلہ شروع کیا، جب کہ قاری اخلاق احمد کو ڈھاکہ کے نشریاتی مرکز سے تلاوتِ قرآنِ کریم کے لیے مقرّر کیا گیا۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۵۸)
قرآنِ کریم سے ریڈیو پاکستان کی وابستگی کا ایک اور نمایاں اظہار ۱۹۵۱ء میں اُس وقت ہوا، جب مُصوّرِ مشرق عبدالرّحمٰن چغتائی کے تخلیق کردہ ریڈیو پاکستان کے مونوگرام پر سورۂ البقرہ کی آیت نمبر ۸۳ کا درجِ ذیل حصّہ ثبت کیا گیا:
وَقُولُوا لِلنَّاسِ حُسْنًا
ترجمہ: اور لوگوں کے لیے اچھی بات کہو۔
عبدالرّحمٰن چغتائی نے اس مونوگرام میں علامہ اقبالؒ کے تصوّرِ شاہین کو بڑی فنّی مہارت سے ہلال اور ستارے کے ساتھ یکجا کیا تھا۔ ابتدائی مونوگرام میں ہلال کے اندر اُردو میں ’ریڈیو پاکستان‘ کے الفاظ درج تھے۔ زیڈ اے بخاری کی خواہش تھی کہ قرآنِ کریم کی کسی آیت کو ریڈیو پاکستان کے نصبُ العین کی حیثیت دی جائے۔ نہال احمد کے مطابق اُن کی خواہش پر قاضی احمد سعید نے مذکورہ قرآنی عبارت کا انتخاب کیا، جب کہ ایم ایچ شاہ بھی اس عبارت کے انتخاب کے دعوے دار تھے۔ ۱۹۵۱ء میں مونوگرام پر ’ریڈیو پاکستان‘ کے الفاظ کی جگہ یہ قرآنی عبارت ثبت کی گئی، جس کی خطّاطی ممتاز خطّاط محمد یوسف دہلوی نے کی۔ قرآنی عبارت سے مُزیّن یہ مونوگرام پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان کے نشریاتی جریدے ’آہنگ‘ کے اگست ۱۹۵۱ء کے دوسرے پندرہواڑے کے شمارے میں شائع ہوا۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ابتدائی صفحات، بعنوان ’انسگنیا، موٹو اینڈ لوگو‘)
ابلاغِ عامّہ کے تناظر میں اس قرآنی حکم کا زیادہ موزوں ترجمہ ’اور لوگوں کے لیے اچھی بات کہو‘ معلوم ہوتا ہے۔ قرآنِ کریم کے دیگر مقامات پر بھی حرفِ جار ’لام‘ اس مفہوم میں استعمال ہوا ہے، مثلاً:
إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ
ترجمہ: صدقات تو فُقرا اور مساکین کے لیے ہیں۔ (التوبہ: ۶۰)
إِنَّ أَوَّلَ بَيْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ
ترجمہ: بے شک پہلا گھر جو لوگوں کے لیے قائم کیا گیا۔ (آلِ عمران: ۹۶)
هَٰذَا بَيَانٌ لِلنَّاسِ
ترجمہ: یہ لوگوں کے لیے ایک بیان ہے۔ (آلِ عمران: ۱۳۸)
خصوصاً آخری قرآنی عبارت علمِ ابلاغ کے حوالے سے بڑی معنویت کی حامل ہے۔
انفرادی ابلاغ (انٹر پرسنل کمیونیکیشن) اور ابلاغِ عامّہ (ماس کمیونیکیشن) کے تناظر میں ’لوگوں سے بات کرنے‘ اور ’لوگوں کے لیے بات کرنے‘ میں ایک معنوی فرق ہے۔ ایک براڈکاسٹر جب اسٹوڈیو میں کوئی پروگرام ریکارڈ کرتا ہے تو اُس کے سامنے سامعین موجود نہیں ہوتے، مگر اُس کا ہر لفظ اُنہی کے لیے ادا کیا جاتا ہے۔ گویا اُس کی گفتگو محض لوگوں سے مخاطبت نہیں بلکہ لوگوں کے لیے ابلاغ ہے۔
جدید علمِ ابلاغ میں پیغام کے مواد (میسج کنٹینٹ)، مخاطَبین (آڈینس)، اثراتِ ابلاغ (کمیونیکیشن ایفیکٹس)، مفادِ عامّہ (پبلک انٹرسٹ)، معاشرتی ذمّہ داری (سوشل ریسپانسبلٹی) اور اخلاقیاتِ ابلاغ (کمیونیکیشن ایتھکس) کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ قرآنِ کریم کے اس مختصر مگر جامع حکم میں ان تمام تصوّرات کے حوالے سے اخلاقی رہنمائی موجود ہے۔ یہ حکم ابلاغ کرنے والے کو نہ صرف اس امر کا پابند بناتا ہے کہ وہ اچھی بات کہے بلکہ اُسے یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ اُس کی کہی ہوئی بات لوگوں کے لیے ہے، لہٰذا اُسے اپنے پیغام کے مواد، مقصد، افادیت اور معاشرتی اثرات کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔
اسی مفہوم کی تائید رسولِ اکرم ﷺ کے اس فرمانِ مبارک سے بھی ہوتی ہے:
وَالْكَلِمَةُ الطَّيِّبَةُ صَدَقَةٌ
ترجمہ: اور اچھی بات کہنا صدقہ ہے۔ (صحیح البخاری، حدیث نمبر ۲۹۸۹)
یوں ریڈیو پاکستان نے قرآنِ کریم کی اس عبارت کو محض اپنے مونوگرام کی زینت نہیں بنایا بلکہ ایک قرآنی حکم کو اپنا نشریاتی نصبُ العین قرار دیا۔ نہال احمد کے مطابق یہ قرآنی حکم ریڈیو پاکستان کی نشریاتی پالیسیوں اور پروگراموں کی تشکیل اور اُن کی عملی تنفیذ میں بھی رہنما اصول رہا ہے۔
فہمِ قرآنِ کریم کے فروغ میں ریڈیو پاکستان کا ایک عظیم علمی کارنامہ آٹھ جلدوں پر مشتمل شہرۂ آفاق تفسیر ’معارف القرآن‘ کی تصنیف کے اسباب پیدا کرنا ہے۔ اس تفسیر کے مُصنّف، مفتیِ اعظم پاکستان، مفتی محمد شفیعؒ نے خود ’معارف القرآن‘ کی تمہید میں اس علمی کاوش کا پسِ منظر بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’احقر ناکارہ گناہ گار بے علم و بے عمل کی یہ جرأت کبھی بھی نہ ہوتی کہ قرآن کریم کی تفسیر لکھنے کا ارادہ کرتا مگر نیرنگِ تقدیر سے اس کے اسباب اس طرح شروع ہوئے کہ ریڈیو پاکستان سے روزانہ نشر ہونے والے درس قرآن کے متعلق مجھ سے فرمائش کی گئی۔‘‘ (بحوالہ: مفتی محمد شفیعؒ، ’معارف القرآن‘، جلد اوّل، تمہید، ’تفسیر معارف القرآن کی تصنیف قدرتی اسباب سے‘، ص ۶۲ تا ۶۳)
مفتی محمد شفیعؒ کے بیان کے مطابق جب وہ بعض اعذار کی بنا پر روزانہ درسِ قرآن کی فرمائش قبول نہ کرسکے تو ریڈیو پاکستان نے اُن کے سامنے ’معارف القرآن‘ کے نام سے ایک علیحدہ ہفتہ وار درسِ قرآن شروع کرنے کی تجویز پیش کی، جس میں مسلمانوں کی عصری ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے قرآنِ کریم کی منتخب آیات کی تفسیر اور اُن سے متعلّقہ احکام بیان کیے جائیں۔ مفتی صاحبؒ نے یہ تجویز دو شرائط کے ساتھ قبول فرمائی۔ اوّل یہ کہ وہ درس کا کوئی معاوضہ نہیں لیں گے اور دوم یہ کہ اُن پر کوئی ایسی پابندی عائد نہیں کی جائے گی جو اُن کے نزدیک درسِ قرآن کے شایانِ شان نہ ہو۔ ریڈیو پاکستان نے اُن کی دونوں شرائط منظور کرلیں۔
چنانچہ ۳ شوّال ۱۳۷۳ھ، مطابق ۲ جولائی ۱۹۵۴ء کو ریڈیو پاکستان سے ’معارف القرآن‘ کے عنوان سے ہفتہ وار درسِ قرآن کا آغاز ہوا۔ ہر جمعے کو نشر ہونے والا یہ سلسلۂ دروس دس برس تک جاری رہا اور جون ۱۹۶۴ء میں اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران سورۂ فاتحہ سے سورۂ ابراہیم تک منتخب آیاتِ قرآنی کی تشریح و تفسیر بیان کی گئی۔
ان دروسِ قرآن کو پاکستان کے علاوہ یورپ اور افریقہ میں مقیم مسلمانوں میں بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ مفتی صاحبؒ کے بیان کے مطابق افریقہ میں مسلمان ان نشریات کو ٹیپ ریکارڈر پر محفوظ کرکے بعد ازاں اجتماعی طور پر سنتے تھے۔ اندرون و بیرونِ ملک سے ریڈیو پاکستان اور مفتی صاحبؒ کو موصول ہونے والے خطوط اور سامعین کے مسلسل اصرار نے بالآخر ان دروس کو کتابی صورت میں مرتّب کرنے اور مکمل قرآنِ کریم کی تفسیر تصنیف کرنے کی راہ ہموار کی۔
یوں فہمِ قرآنِ کریم کے فروغ کے لیے ریڈیو پاکستان کی جانب سے شروع کیا جانے والا ایک نشریاتی سلسلہ عالمِ اسلام کے ایک عظیم اور پائیدار علمی سرمائے کا سرچشمہ بن گیا۔
تلاوتِ قرآنِ کریم کے نشریاتی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ۱۹۶۴ء۔۱۹۶۵ء میں حکومتِ پاکستان نے ایک اور اعلیٰ سطحی انتخابی بورڈ تشکیل دیا، جس کے ذمّے ریڈیو پاکستان کی روزانہ نشریات میں تلاوتِ قرآنِ کریم کے لیے قرّاء کرام کے ایک نئے پینل کا انتخاب تھا۔
فہمِ قرآنِ کریم کے ضمن میں عربی زبان سے آشنائی کی اہمیت بھی مسلّمہ ہے۔ قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ قُرْآنًا عَرَبِيًّا لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُونَ
ترجمہ: بے شک ہم نے اسے عربی قرآن کی صورت میں نازل کیا ہے تاکہ تم سمجھ سکو۔ (یوسف: ۲)
ریڈیو پاکستان نے فہمِ قرآن کے فروغ کے سلسلے میں عربی زبان کی تعلیم و تدریس کا بھی خصوصی اہتمام کیا۔ چنانچہ ۲۱ اپریل ۱۹۷۴ء کو ریڈیو پاکستان کے تمام نشریاتی مراکز سے عربی زبان کی تعلیم پر مشتمل پروگراموں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ ان اسباق کو بعد ازاں کئی مرتبہ نشرِ مکرّر کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔ ریڈیو پاکستان کی یہ کاوش سامعین کو قرآنِ کریم کی زبان سے آشنا کرنے اور اُن میں براہِ راست فہمِ کلامِ الٰہی کی استعداد پیدا کرنے کے حوالے سے خصوصی اہمیت کی حامل تھی۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۵۸)
ریڈیو پاکستان نے فنِ قرأت کی سرپرستی کے ساتھ ساتھ نامور ملکی و غیر ملکی قرّاء کرام کی آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم کو صوتی صورت میں محفوظ کرنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا۔ ۱۹۷۶ء میں ممتاز قاری غلام رسول نے ریڈیو پاکستان کے لیے مکمل قرآنِ کریم ریکارڈ کروایا۔ اس تاریخی ریکارڈنگ کا ذکر بینُ الاقوامی جریدے ’آرامکو ورلڈ‘ کے جولائی۔اگست ۱۹۸۰ء کے شمارے میں جان لاٹن کے ایک مضمون میں بھی ملتا ہے۔ (بحوالہ: جان لاٹن، ’دی قرآن اِن دی کوٹس وولڈز‘، ’آرامکو ورلڈ‘، جلد ۳۱، شمارہ ۴، جولائی۔اگست ۱۹۸۰ء)
ریڈیو پاکستان کے مرکزی شعبۂ پیداوار (سنٹرل پروڈکشن یونٹ) کی نمایاں خدمات میں سات قرّاء کرام کی آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم کی ریکارڈنگ بھی شامل ہے۔ ان قرّاء کرام میں مولانا احتشامُ الحق تھانویؒ، قاری غلام رسول، قاری خوشی محمد الازہری اور دو مصری قرّاء بھی شامل تھے۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۲۱۵)
تلاوتِ قرآنِ کریم کے ساتھ ترجمۂ قرآن کی صوتی ریکارڈنگ کے حوالے سے مولانا سلیم الدّین شمسیؒ کی خدمات بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ ایک طویل عرصے تک ریڈیو پاکستان کی صبح کی نشریات میں تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد اُن کی آواز میں آیاتِ قرآنی کا اُردو ترجمہ پیش کیا جاتا رہا۔ مولانا احتشامُ الحق تھانویؒ اور قاری شاکر قاسمی کی آوازوں میں تلاوت کے ساتھ مولانا سلیم الدّین شمسیؒ کی آواز میں مکمل ترجمۂ قرآن کی ریکارڈنگز بھی پیش کی گئیں۔ مولانا شمسیؒ نے ’تفسیری آئینہ‘ کے عنوان سے قرآنِ کریم کے تیس پاروں کے مضامین کا خلاصہ بھی ریکارڈ کروایا تھا۔ (بحوالہ: عبدالمتین منیری، ’مولانا سلیم الدّین شمسی کا خلاصۂ مضامینِ قرآن‘، ماہنامہ ’وفاق المدارس‘، رمضانُ المبارک ۱۴۴۵ھ، ص ۴۰ تا ۴۱)
تلاوتِ قرآنِ کریم، ترجمۂ قرآن اور تفسیر پر مشتمل یہ ریکارڈنگز نہ صرف ریڈیو پاکستان کا گراں قدر دینی و علمی سرمایہ ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک بیش بہا صوتی ورثہ ہیں۔
قرآنِ کریم کی ترویج و تفہیم کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ۲۶ جنوری ۱۹۹۸ء کو ’صوتُ القرآن‘ کے نام سے ایک علیحدہ نشریاتی سروس کا آغاز تھا۔ ابتدا میں اس کی پانچ گھنٹے کی روزانہ نشریات اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور حیدرآباد کے نشریاتی مراکز سے پیش کی جاتی تھیں۔ ان نشریات میں عالمی شہرت یافتہ قرّاء کرام کی آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم اور اُس کے اُردو ترجمے کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ اسی سال ۲۳ اپریل کو ریڈیو پاکستان کوئٹہ میں ’صوتُ القرآن لائبریری‘ بھی قائم کی گئی۔
قرآنِ کریم سے سامعین کا روحانی تعلّق مزید استوار کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان نے رمضانُ المبارک کی خصوصی نشریات میں بھی کئی نئے سلسلوں کا آغاز کیا۔ اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت رمضانُ المبارک ۱۴۱۹ھ، بمطابق ۱۹۹۸ء۔۱۹۹۹ء میں ہوئی، جب ریڈیو پاکستان نے پہلی مرتبہ یکم سے ۲۷ رمضانُ المبارک تک مسجدِ حرام، مکّہ مکرّمہ سے صلوٰۃُ التراویح کی براہِ راست نشریات کا اہتمام کیا۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۵۷ تا ۵۸)
یوں ریڈیو پاکستان کے توسّط سے پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے مسلمانوں کو اپنے گھروں میں حرمِ مکّی سے براہِ راست تلاوتِ کلامِ پاک سننے کی سعادت میسّر آنے لگی۔ صلوٰۃُ التراویح کی یہ براہِ راست نشریات بعد ازاں ریڈیو پاکستان کی رمضانُ المبارک کی خصوصی نشریات کی ایک نمایاں روایت بن گئیں۔
ریڈیو پاکستان نے قرآنِ کریم کی تلاوت، ترجمے، تفسیر اور تعلیم پر مشتمل نشریاتی مواد کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کرنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا۔ نہال احمد نے اپنی کتاب ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘ میں ریڈیو پاکستان کے قومی صوتی ذخیرے کے اعداد و شمار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ۳۰ جون ۲۰۰۰ء تک صرف تلاوتِ قرآنِ کریم پر مشتمل ۳۰ ہزار منٹ، یعنی ۵۰۰ گھنٹے کی ریکارڈنگز محفوظ تھیں۔ اس کے علاوہ اُردو اور کشمیری زبانوں میں تفسیر و تعلیمِ قرآن پر مشتمل ریکارڈنگز بھی اس صوتی ذخیرے کا حصّہ تھیں۔ (بحوالہ: نہال احمد، ’اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان‘، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۲۰۰۵ء، ص ۲۹۵، جدول نمبر ۱۴)
ریڈیو پاکستان کے مرکزی شعبۂ پیداوار (سنٹرل پروڈکشن یونٹ) کے ایک تعارفی دستاویزی پروگرام کے مطابق اس کی مرکزی صوتی لائبریری میں بینُ الاقوامی شہرت یافتہ قرّاء کرام کی آوازوں میں اُردو ترجمے کے ساتھ مکمل قرآنِ کریم کی چار ریکارڈنگز بھی محفوظ تھیں۔
یہ گراں قدر قرآنی صوتی ذخیرہ ریڈیو پاکستان کی کئی دہائیوں پر محیط علمی، دینی اور نشریاتی خدمات کا امین ہے۔
قرآنِ کریم کی ترویج و تفہیم کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کی خدمات کا دائرہ ۲۰۱۵ء میں اُس وقت مزید وسیع ہوگیا، جب ’صوتُ القرآن‘ کے لیے ایک مستقل ایف ایم نشریاتی نیٹ ورک کے قیام کے منصوبے کا آغاز کیا گیا۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد قرآنِ کریم کی تلاوت اور اُس کے اُردو ترجمے کی نشریات کو ملک کے طول و عرض میں بسنے والے لوگوں تک پہنچانا اور اُن کا قرآنِ کریم سے براہِ راست تعلّق مزید استوار کرنا تھا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد، نارووال، بہاولپور، حیدرآباد، خیرپور، مٹھی، گلگت، اسکردو، بنّوں، ڈیرہ اسماعیل خان، گوادر، سبّی اور میرپور سمیت ملک کے ۱۹ شہروں میں ’صوتُ القرآن‘ کی ایف ایم نشریات کا اہتمام کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں مزید ۱۶ اور تیسرے مرحلے میں مزید ۲۹ شہروں تک اس نشریاتی نیٹ ورک کو وسعت دی گئی۔ یوں تینوں مراحل کی تکمیل سے ’صوتُ القرآن‘ کا نشریاتی نیٹ ورک ملک کے ۶۴ شہروں تک پھیل چکا ہے۔
چوتھے مرحلے کے تحت پشاور سے کراچی تک موٹروے کے راستے پر ایف ایم ٹرانسمیٹرز کی تنصیب کا اہتمام اس طرح کیا جائے گا کہ مسافر دورانِ سفر بلا تعطّل قرآنِ کریم کی تلاوت اور اُس کا اُردو ترجمہ سن سکیں۔
’صوتُ القرآن‘ کی نشریات کے لیے عالمِ اسلام کے نامور قرّاء کرام کی آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم کی ریکارڈنگز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان میں مصر کے شہرۂ آفاق قاری شیخ عبدالباسط محمد عبدالصمدؒ، سعودی عرب کے قاری سعد الغامدی، قاری ڈاکٹر عبداللہ علی بصفر، شیخ علی بن عبدالرّحمٰن الحذیفی، شیخ عبدالرّحمٰن السدیس، شیخ سعود بن ابراہیم الشریم اور کویت کے قاری مشاری بن راشد العفاسی شامل ہیں۔
پاکستان کے ممتاز قرّاء کرام، قاری سیّد صداقت علی، قاری وحید ظفر قاسمی، قاری بزرگ شاہ الازہری، قاری عبیدالرّحمٰن اور قاری ڈاکٹر محمد یونس کی آوازوں میں تلاوتِ قرآنِ کریم بھی ’صوتُ القرآن‘ کے نشریاتی ذخیرے کا حصّہ ہے۔
ان ریکارڈنگز میں مولانا فتح محمد جالندھریؒ کے اُردو ترجمۂ قرآن کو پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرّحمٰن عاصم، معراج الدّین خان اور شمشاد علی خان کی آوازوں میں محفوظ کیا گیا ہے۔
’صوتُ القرآن‘ کی روزانہ نشریات اُنیس گھنٹوں پر محیط ہیں۔ ان میں دو گھنٹے صبح اور دو گھنٹے بعد از ظہر مسلسل تلاوتِ قرآنِ کریم نشر کی جاتی ہے۔ اس اہتمام کا مقصد اُن سامعین کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے جو اپنی قرأت، تجوید اور تلفّظ کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں یا بغیر ترجمے کے مسلسل تلاوتِ کلامِ پاک سننے کے خواہش مند ہیں۔
مسلسل تلاوت کے لیے مسجدِ نبوی کے سابق امام اور عالمِ اسلام کے معروف قاری، شیخ ڈاکٹر محمد ایّوب بن محمد یوسف البرماویؒ (۱۹۵۲ء تا ۲۰۱۶ء) کی آواز میں مکمل قرآنِ کریم کی ریکارڈنگ استعمال کی جاتی ہے۔ یہ ریکارڈنگ سابق وفاقی سیکریٹری سمیعُ اللہ مرحوم نے باقاعدہ خریداری کے بعد ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ کو فراہم کی تھی۔
باقی پندرہ گھنٹے تلاوتِ قرآنِ کریم مع اُردو ترجمہ نشر کی جاتی ہے، تاکہ سامعین تلاوتِ کلامِ پاک سننے کے ساتھ ساتھ قرآنِ کریم کے مطالب و مفاہیم اور اُس میں بیان کردہ احکام و تعلیمات سے بھی آگاہی حاصل کرسکیں۔
’صوتُ القرآن‘ کی ایک امتیازی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ خالصتاً ایک غیر تجارتی نشریاتی سروس (نان کمرشل سروس) ہے۔ قرآنِ کریم کے تقدّس و احترام کے پیشِ نظر اس کی اُنیس گھنٹے کی یومیہ نشریات کے دوران کوئی تجارتی اشتہار نشر نہیں کیا جاتا۔
’صوتُ القرآن‘ کی نشریاتی خدمات آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں درج ’اصولِ حکمتِ عملی‘ (پرنسپلز آف پالیسی) پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل ۳۱، بعنوان ’اسلامی طرزِ زندگی‘، کی شق (۱) کے تحت ریاست کی یہ ذمّہ داری ہے کہ پاکستان کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی زندگیاں اسلام کے بنیادی اصولوں اور تصوّرات کے مطابق بسر کرنے کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کرے اور اُنہیں ایسی سہولتیں فراہم کرے، جن کے ذریعے وہ قرآنِ کریم اور سُنّت کے مطابق زندگی کا مفہوم سمجھ سکیں۔ اسی آرٹیکل کی شق (۲) (الف) میں تعلیمِ قرآنِ کریم و اسلامیات کو لازمی قرار دینے، عربی زبان سیکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے اور اس کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کا بھی ذکر ہے۔ (بحوالہ: آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان، حصّہ دوم، باب دوم، ’اصولِ حکمتِ عملی‘، آرٹیکل ۳۱، شق (۱) اور شق (۲) (الف))
اس اعتبار سے ریڈیو پاکستان کی ’صوتُ القرآن‘ نشریاتی سروس محض ایک دینی و نشریاتی خدمت ہی نہیں بلکہ فہمِ قرآنِ کریم کے حوالے سے ریاست کی آئینی ذمّہ داریوں کی تکمیل کا بھی ایک مؤثّر ذریعہ ہے۔
ریڈیو پاکستان کی روزانہ نشریات کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کرنے کی وہ روایت، جس کی بنیاد قیامِ پاکستان کے وقت رکھی گئی تھی، آج بھی قائم ہے۔ ریڈیو پاکستان کی میڈیم ویو اور ایف ایم ۹۳ کی روزانہ نشریات کا آغاز صبح ۵ بج کر ۴۵ منٹ پر ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے اسٹوڈیوز سے قومی نشریاتی رابطے پر پیش کیے جانے والے پروگرام ’حیّ علی الفلاح‘ سے ہوتا ہے، جس میں تلاوتِ قرآنِ کریم مع اُردو ترجمہ نشر کی جاتی ہے۔ تلاوت و ترجمۂ قرآن کا یہ سلسلہ سورۂ فاتحہ سے سورۂ النّاس تک جاری رہتا ہے اور تکمیلِ قرآن کے بعد ازسرِنو سورۂ فاتحہ سے اس کا آغاز کردیا جاتا ہے۔
اسی طرح مفتی محمد شفیعؒ کے ’معارف القرآن‘ کے دروس کی علمی روایت بھی آج پروگرام ’حیّ علی الفلاح‘ کے ایک مستقل سلسلے ’قرآنِ حکیم اور ہماری زندگی‘ کی صورت میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں ملک کے مختلف نشریاتی مراکز سے ممتاز علمائے کرام اور اہلِ علم قرآنِ کریم کی آیات کی تشریح و تفسیر بیان کرتے ہیں اور اُن کی روشنی میں سامعین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں آج کل ریڈیو پاکستان کراچی سے مفتی طاہر محمود اور مفتی ڈاکٹر خلیل الرحمٰن، فیصل آباد سے مولانا محمد شبیر ثروت اور پروفیسر ڈاکٹر ذاکر الہاشمی، کوئٹہ سے مفتی سنان احمد، بہاولپور سے پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، پشاور سے ڈاکٹر دوست محمد، اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر حافظ اکرامُ الحق اور پروفیسر قاری عبداللطیف ساجد، جب کہ لاہور سے مولانا محمد یوسف، پروفیسر حفیظ الرحمٰن اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی درسِ قرآن کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
یوں تلاوتِ قرآنِ کریم سے روزانہ نشریات کے آغاز کی آٹھ دہائیوں پرانی روایت اور قرآنِ کریم کی عصری تفہیم کے حوالے سے سات دہائیوں سے زائد عرصہ قبل قائم ہونے والی علمی روایت، دونوں آج بھی ریڈیو پاکستان کی قومی نشریات کا حصّہ ہیں۔
رسولِ اکرم ﷺ کا فرمانِ مبارک ہے:
خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ
ترجمہ: تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ (صحیح البخاری، کتاب فضائل القرآن، حدیث نمبر ۵۰۲۷)
اس فرمانِ نبوی ﷺ کی روشنی میں دیکھا جائے تو ریڈیو پاکستان کا یہ امتیاز محض نشریاتی نہیں بلکہ ایک عظیم دینی سعادت بھی ہے کہ قدرت نے اسے لاکھوں انسانوں تک قرآنِ کریم کی تعلیمات پہنچانے کا وسیلہ بنایا ہے۔ بلاشبہ اس قومی نشریاتی ادارے سے وابستہ وہ تمام افراد بھی اس سعادت میں شریک ہیں، جنہوں نے گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران کسی بھی حیثیت میں تعلیم و تفہیمِ قرآن کی اس خدمت میں اپنا حصّہ ڈالا ہے۔
دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ریڈیو پاکستان کو اس خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے اور اس سے وابستہ افراد کی ان کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین!
طالبِ دُعا و تحریر کنندہ: سعید احمد شیخ (ڈائریکٹر جنرل، ریڈیو پاکستان)