Thursday, 19 November 2026, 12:26:51 am
 

مزید خبریں

 
ایم کلیم ، ریڈیو پاکستان کا وہ کارکن جس کی آواز کے جادو نے ایک دنیا کو مسحور کیا
November 18, 2026

ایم کلیم ، ریڈیو پاکستان کا وہ کارکن جس کی آواز کے جادو نے ایک دنیا کو مسحور کیا۔

اُس کی گُم نامی کی واحد سمجھ آنے والی وجہ اُس کا شوبز کی چکاچوند والی دُنیا سے عَمداً دُور رہنا اور ایک سرکاری نشریاتی ادارے کا سابق ملازم (پنشنر) ہونا ہی ہوسکتی ہے، وگرنہ اُس کے گُن تو اُسی ناموری کی طرف لے جانے والے تھے اور وہ بَجا طور پر ناموری کا مُستحق بھی تھا۔

تاہم اُسے اپنی زندگی میں دو مُنفرد اعزازات حاصل ہوئے؛ اوّل یہ کہ اُس نے جس پہلی فلم کے لیے گیت گایا، اُس کے اِفتتاحی شو میں مادرِ ملّت محترمہ فاطمہ جناح نے شرکت کی۔ یہ فلم ’چراغ جلتا رہا‘ تھی، جس کے فلم ساز، مُصنّف اور ہدایت کار فضل احمد کریم فضلی تھے۔

۳ مارچ ۱۹۶۲ء کو کراچی کے مشہور نشاط سینما میں منعقد ہونے والے اِفتتاحی شو میں مادرِ ملّت محترمہ فاطمہ جناح نے فلم کی کاسٹ (محمد علی، زیبا اور کمال ایرانی وغیرہ)، موسیقاروں اور گویوں (جن میں وہ خود بھی شامل تھا) کی موجودگی میں شرکت کی۔ اِسی فلم سے محمد علی، زیبا اور کمال ایرانی جیسے فنکاروں کے فلمی سفر کا آغاز ہوا، جب کہ دیبا، جو اِس سے پہلے بے بی راحیلہ کے نام سے چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرچکی تھیں، پہلی مرتبہ اِسی فلم میں اپنے نئے نام کے ساتھ سامنے آئیں۔

فلم کی موسیقی معروف موسیقار نہال عبداللہ نے ترتیب دی تھی۔ اُس نے اِس فلم کے لیے جگر مراد آبادی کی مشہور غزل ’آئی جو اُن کی یاد تو آتی چلی گئی‘ گائی۔ اِسی فلم میں اُس نے ملکۂ ترنّم نورجہاں کے ساتھ ایک دوگانا ’پھر ایسے خیالات آنے لگے کہ ہم خودبخود گنگنانے لگے‘ بھی گایا۔

یوں ایک ایسے گلوکار کو، جس کی اصل شناخت ریڈیو پاکستان کا ملازم ہونا تھی، اپنی پہلی ہی فلم میں ایک تاریخی تقریب سے وابستگی اور نورجہاں کے ساتھ گانے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔

دوم یہ کہ اُسی کی آواز میں قتیل شفائی کی ایک نظم کو ملک گیر شُہرت نصیب ہوئی، جسے بعد میں ملکۂ ترنّم نورجہاں نے بھی گایا۔ یہ نظم ’سہیلی تِرا بانکپن لُٹ گیا، آئینہ توڑ دے‘ تھی، جسے اُس نے ۱۹۶۰ء میں اِسے اپنی آواز میں ریکارڈ کرایا۔ اِس کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ پاکستان کے قریب قریب تمام ریڈیو اسٹیشنوں سے یہ مسلسل نشر ہونے لگی۔

بعدازاں معروف فلم ساز و ہدایت کار شباب کیرانوی نے اِس نظم کو اپنی فلم ’دامن اور چنگاری‘ (۱۹۷۳ء) میں شامل کیا۔ اِس مرتبہ موسیقار ایم اشرف نے اِس کی نئی دُھن ترتیب دی، نورجہاں نے اِسے اپنی پُرسوز آواز میں گایا۔

یوں قتیل شفائی کی اِس مشہور نظم کو پہلے اُس کی آواز نے ریڈیو کے ذریعے ملک گیر مقبولیت عطا کی اور پھر نورجہاں کی آواز نے اِسے فلمی موسیقی کی تاریخ میں بھی ایک یادگار مقام بخش دیا۔

یہ صاحبِ کمال گلوکار ایم کلیم تھے، جن کی آج، ۱۸ نومبر کو ۳۲ویں برسی ہے۔ پاکستان کی نشریاتی اور موسیقی کی تاریخ میں ایک مُنفرد مقام رکھنے والے اِس فنکار نے اپنی عملی زندگی کا بیشتر حصّہ ریڈیو سے وابستہ رہ کر گزارا۔ گیت، غزل اور نعت، تینوں اَصناف میں اپنی آواز کا جادُو جگانے والے ایم کلیم ۱۸ نومبر ۱۹۹۴ء کو کینیڈا میں انتقال کرگئے اور وہیں آسودۂ خاک ہوئے۔

ایم کلیم کا اصل نام حفیظ اللہ تھا اور وہ ۱۹۲۴ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ اُنہیں بچپن ہی سے موسیقی کا شوق تھا۔ اُن کے چچا محمد ابراہیم موسیقی کے دِلدادہ تھے اور خود بھی شوقیہ گاتے تھے ۔ اُن کے چچا کی دوستی دہلی کے معروف موسیقار اُستاد فیروز خان سے تھی اور یوں بچپن ہی سے ایم کلیم کو اپنے چچا اور ان کے دوستوں کی نسبت سے موسیقی کا ماحول میسر آیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ دس برس کی عمر سے آل انڈیا ریڈیو کے موسیقی کے پروگرام سننا اُن کا روزانہ کا معمول تھا۔ تاہم اُنہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت کس اُستاد سے حاصل کی، اِس کی کوئی مُستند تفصیل دستیاب نہیں۔

ایم کلیم نے آل انڈیا ریڈیو سے بطور ٹیکنیشن اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد وہ اپنے والدین کے ہمراہ ہجرت کرکے کراچی آگئے اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوگئے۔ کراچی میں اُن کی رہائش جہانگیر روڈ کے قریب مارٹن کوارٹرز میں تھی۔ ریڈیو پاکستان میں وہ شعبۂ مینٹینینس سے وابستہ رہے، جہاں اُنہیں نشریاتی اِسٹُوڈیوز کو ساؤنڈ پروف کرنے میں غیر معمولی مہارت حاصل تھی۔ دِلچسپ بات یہ ہے کہ اُنہوں نے اِس شعبے میں کسی تعلیمی ادارے سے کوئی ڈگری حاصل نہیں کی تھی، بلکہ اپنی خُداداد صلاحیت اور عملی تجربے کی بدولت اِس فن میں مہارت پیدا کی تھی۔ اُن کے صاحبزادے ندیم کلیم کے مطابق اُس زمانے میں ریڈیو پاکستان کراچی کے تمام اِسٹُوڈیوز اُنہی کے ساؤنڈ پروف کیے ہوئے تھے۔ یوں وہ ایک طرف اپنی پُرسوز آواز سے ریڈیو کی موسیقی کی دُنیا سجاتے رہے اور دوسری طرف اُنہی اِسٹُوڈیوز کی تکنیکی دیکھ بھال بھی کرتے رہے، جہاں سے اُن کی آواز سامعین تک پہنچتی تھی۔

ریڈیو پاکستان میں ملازمت کے دوران اُن کا موسیقی کا شوق مزید پروان چڑھتا رہا۔ وہ اپنے ساتھیوں کی فرمائش پر گیت اور غزلیں سنایا کرتے تھے۔ اُن کی آواز میں معروف ہندوستانی گلوکار کُندن لال سہگل کی جھلک محسوس ہوتی تھی، جب کہ بعض سامعین کو اُن کے اندازِ گائیکی میں ہیمنت کمار کا رنگ بھی نظر آتا تھا۔ اُن کے ساتھیوں اور ریڈیو سے وابستہ موسیقاروں نے اُنہیں باقاعدہ گائیکی کی طرف راغب کیا۔

۱۹۵۷ء میں اُن کا پہلا گیت ’ناکام رہے میرے گیت، بدنام ہوا میرا پیار‘ ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا تو دیکھتے ہی دیکھتے اُن کی آواز سامعین میں مقبول ہوگئی۔ یہ گیت ایک دوہے سے شروع ہوتا تھا، جس کے بعد گیت کا مُکھڑا آتا تھا۔ اُن کا دوسرا مشہور گیت ’او گوری گھونگھٹ میں شرمائے‘ بھی بے حد پسند کیا گیا۔ اُس زمانے میں منیر حسین اور سلیم رضا جیسے گلوکار مقبول تھے، جب کہ مہدی حسن اور احمد رشدی بھی اپنی شناخت بنا رہے تھے۔ ایسے ماحول میں ایم کلیم نے اپنی مُنفرد، قدرے بھاری اور پُرسوز آواز کی بدولت سامعین کا ایک الگ حلقہ پیدا کرلیا۔ اُن کے گیت ریڈیو کے ساتھ ساتھ ٹیلی وژن پر بھی پسند کیے جانے لگے اور اُن کی گائیکی کی شُہرت پاکستان کی سرحدوں سے باہر تک پہنچ گئی۔

ایم کلیم کی گائی ہوئی غزلوں اور گیتوں میں ’ہم محبت کا بھرم کچھ اِس قدر رکھتے رہے‘، ’نہ تم ہم سے پوچھو نہ ہم تم سے پوچھیں‘، ’چھوڑ کے نہ جا میرے بچپن کے او ساتھی‘، ’تم سے ہے رنگین یہ موسم، سما سہانا ہے‘ اور ’آئے سکھی نہ بالما، بیت گئی بہار‘ خاصے مقبول ہوئے۔

ایم کلیم کی ایک اور مشہور غزل ’اُن کے آنسو سرِ مژگاں نہیں دیکھے جاتے، سچ تو یہ ہے وہ پشیماں نہیں دیکھے جاتے‘ تھی، جسے موسیقی کی محفلوں میں خاص طور پر فرمائش کرکے سنا جاتا تھا۔ اُن کی گائیکی میں سُروں کا رچاؤ، آواز کا سوز و گداز اور الفاظ کی واضح ادائیگی نمایاں خصوصیات تھیں۔

ایم کلیم کو کلاسیکی اُردو شاعری سے بھی گہرا شغف تھا۔ اُنہوں نے مِیر، غالب، ذوق اور دیگر اَساتذہ کے کلام کو بھی اپنی آواز میں پیش کیا۔ اُن کی گائی ہوئی غزلوں میں ’ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے‘، ’بات کرنی مجھے مشکل کبھی ایسی تو نہ تھی‘، ’چلتے ہو تو چمن کو چلیے کہتے ہیں کہ بہاراں ہے‘ اور ’کبھی نیکی بھی اُس کے جی میں گر آ جائے ہے مجھ سے‘ جیسی معروف غزلیں بھی شامل ہیں، جن کی ریکارڈنگز آج بھی دستیاب ہیں۔ اُن کی گائیکی کا امتیاز یہ تھا کہ وہ غزل کے الفاظ اور اُن کے مفہوم کو پوری اہمیت دیتے تھے اور سُروں کی نمائش کے بجائے شعر کے تاثر کو اُبھارنے کی کوشش کرتے تھے۔

ایم کلیم محض گلوکار ہی نہیں بلکہ دُھن ساز بھی تھے اور اُن کے کئی گیتوں کی دُھنیں اُن کی اپنی تخلیقی کاوشوں کا نتیجہ تھیں۔ اُنہوں نے نعت خوانی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اُن کی آواز میں ’صبا مدینے اگر ہو جانا، نبی سے میرا سلام کہنا‘ کو خاصی مقبولیت حاصل ہوئی۔ اُن کی گائی ہوئی نعتوں کا کیسٹ مجموعہ ’محفلِ نعت‘ بھی منظر عام پر آیا۔

موسیقی کی ایک مشہور پاکستانی کمپنی نے اُن کی غزلوں، گیتوں اور نعتوں پر مشتمل متعدد ریکارڈ اور البم جاری کیے، جن میں ’ایم کلیم اِن کنسرٹ‘، ’غزلیات‘، ’بازگشت‘ اور ’محفلِ نعت‘ قابلِ ذکر ہیں۔ ۱۹۷۸ء اور ۱۹۷۹ء میں جاری ہونے والے اِن مجموعوں میں اُن کی متعدد لائیو اور اِسٹُوڈیو ریکارڈنگز شامل تھیں۔ اِن میں سے بعض ریکارڈنگز آج بھی موسیقی کے ڈیجیٹل ذخائر میں محفوظ ہیں۔

ایم کلیم کے ساتھ طبلے پر معروف سازندے عیدو اجمیری مستقل رفاقت کرتے تھے، جو پی آئی اے آرٹس اکیڈمی سے بھی وابستہ رہے۔ اُن کے علاوہ بہادر علی اور شجاع حسین بھی طبلے پر اُن کا ساتھ دیتے تھے، جب کہ ستار پر فدا حسین اُن کے ہم نوا ہوتے تھے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب ریڈیو پاکستان کراچی موسیقی کی ایک بڑی درس گاہ کی حیثیت رکھتا تھا اور نامور گلوکاروں، موسیقاروں، شاعروں اور سازندوں کی آمد و رفت نے اِس نشریاتی مرکز کو ایک بھرپور تہذیبی اور ثقافتی شناخت عطا کر رکھی تھی۔ ایم کلیم اِسی زرخیز موسیقی کے ماحول کا ایک اہم حصّہ تھے۔

کراچی میں ایم کلیم کی رہائش جہانگیر روڈ کے قریب مارٹن کوارٹرز میں تھی، جہاں اُن کا گھر اُس زمانے کے اہلِ علم و فن، سیاست دانوں، ادیبوں، شاعروں اور موسیقاروں کی ایک مستقل بیٹھک کی حیثیت رکھتا تھا۔ اُن کے صاحبزادے ندیم کلیم کے مطابق گھر کے سامنے ایک لان تھا، جہاں روزانہ شام کو کرسیاں بچھائی جاتیں، صفائی کا اہتمام ہوتا اور پھر مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا۔ ندیم کلیم کے بقول اُنہیں بچپن کی کوئی ایسی شام یاد نہیں جب اُن کے والد گھر میں اکیلے بیٹھے ہوں۔

اُن کے ہاں آنے والوں میں معروف سیاست دان عبدالوحید کٹپر، مولانا کوثر نیازی اور پیار علی الانہ، ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل زیڈ اے بخاری اور ریجنل ڈائریکٹر طاہر شاہ، ادیب و شاعر سلیم احمد، قریش پور، نگار صہبائی اور اطہر نفیس کے علاوہ اداکار شکیل، منور سعید اور ٹیلی وژن پروڈیوسر آفتاب عظیم جیسی شخصیات شامل تھیں۔ اُن کے گھر کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں کی آمد و رفت بھی رہتی تھی۔

ایم کلیم نے ایک گھریلو خاتون سے شادی کی جن کے بطن سے اُن کے چھ بیٹے اور دو بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ وہ گھر میں نظم و ضبط اور اولاد کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں خاصے سخت گیر تھے۔ اُن کے سب سے بڑے بیٹے نذر احمد نے اکاؤنٹنگ کے شعبے میں سینئر نائب صدر کے عہدے تک ترقی کی، دوسرے بیٹے سعید کلیم نے فائن آرٹس اور گرافکس کے شعبے کو اپنایا، تیسرے بیٹے نسیم کلیم کینیڈا کی معروف طیارہ ساز کمپنی بمبارڈیئر ایوی ایشن سے وابستہ رہے، جب کہ چوتھے بیٹے ندیم کلیم نے مکینیکل ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ حاصل کرکے کاسٹنگ کے شعبے میں کام کیا۔ پانچویں بیٹے سلیم کلیم تھے جب کہ سب سے چھوٹے بیٹے اظہر کلیم نے کیمسٹری میں تعلیم حاصل کی اور امریکا کی ریاست نیو جرسی میں دواسازی کی صنعت سے وابستہ ہوکر سینئر نائب صدر کے عہدے تک پہنچے۔

ایم کلیم کے فرزند ندیم کلیم نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے والد کی سخت تربیت کو تمام بہن بھائیوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کا ایک اہم سبب قرار دیا۔

ریڈیو پاکستان سے وابستگی کے دوران ایم کلیم کراچی میں منعقد ہونے والی موسیقی کی نجی محفلوں اور عوامی تقریبات کی بھی جان بنے رہے ۔ وہ بڑی دل جمعی کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے تھے۔ اُن کی مقبولیت پاکستان کی سرحدوں سے باہر بھی پہنچی اور اُنہوں نے امریکا، یورپ اور کینیڈا میں منعقد ہونے والے متعدد کنسرٹس میں شرکت کی۔ ایک طویل عرصہ ریڈیو پاکستان میں خدمات انجام دینے کے بعد وہ ملازمت سے سبک دوش ہوئے اور بالآخر مستقل طور پر کینیڈا منتقل ہوگئے، جہاں اُنہوں نے زندگی کے آخری ایّام گزارے۔

ایم کلیم کی زندگی اور فن کا سب سے دِلچسپ پہلو شاید یہی تھا کہ اُنہوں نے ناموری کے لیے اپنی سرکاری ملازمت کو خیرباد نہیں کہا، نہ ہی فلمی دُنیا کی چکاچوند کو اپنی زندگی کا مرکز بنایا۔ وہ ریڈیو کے ملازم رہے، اپنے شوق کو فن کی بلندیوں تک پہنچایا اور اپنی آواز کے ذریعے سامعین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ اُن کی آواز کے محفوظ ریکارڈ آج بھی اِس اَمر کی گواہی دیتے ہیں کہ ناموری کا دارومدار محض شُہرت کے وسائل پر نہیں، فنکار کی صلاحیت اور اُس کے فن کی تاثیر پر بھی ہوتا ہے۔

ریڈیو پاکستان اپنے اِس سابق کارکن اور صاحبِ کمال گلوکار کو اُن کی ۳۲ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے، جس نے نہ صرف ایک نشریاتی ادارے کی حیثیت سے اِس کی خدمت کی بلکہ اپنی دِل نشیں اور پُرسوز آواز سے اِس کی موسیقی کی تاریخ میں بھی اَن مِٹ نقوش چھوڑے۔ ایم کلیم آج ہمارے درمیان نہیں، مگر اُن کی آواز ریڈیو پاکستان کے سنہری عہد کی ایک اَنمول یادگار ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گی۔

تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان