Wednesday, 18 November 2026, 12:12:22 am
 

مزید خبریں

 
فُصُوصُ الْحِکَم‘ کی پنجاب میں علمی پذیرائی، معارفِ اسلامیہ کی تاریخ کا ایک روشن باب'
November 14, 2026

’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کی پنجاب میں علمی پذیرائی

معارفِ اسلامیہ کی تاریخ کا ایک روشن باب

’فَصّ‘ عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی انگشتری (انگوٹھی) میں جڑے ہوئے نگینے کے ہیں۔ ’فُصُوص‘ اسی کی جمع ہے۔ تاہم عربی زبان کا یہ لفظ ایک کتاب کی بدولت گزشتہ تقریباً آٹھ صدیوں سے عالمِ اسلام کے علمی و صوفیانہ حلقوں میں نہایت مقبول، معروف اور مانوس چلا آ رہا ہے۔

ویسے تو مذکورہ کتاب کا مکمل نام ’فُصُوصُ الْحِکَمِ وَخُصُوصُ الْکَلِمِ‘ (معنی: حکمتوں کے نگینے اور کلمات کی خصوصیات) ہے، لیکن یہ اپنے مختصر نام ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ یا صرف ’فُصُوص‘ سے زیادہ معروف ہے۔ یہ کتاب ستائیس ابواب پر مشتمل ہے، جن میں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ تک ستائیس برگزیدہ شخصیات کی نسبت سے حکمت و معرفت کے مختلف پہلو بیان کیے گئے ہیں۔ ان میں بیشتر انبیائے کرام علیہم السلام ہیں، جبکہ حضرت لقمان اور خالد بن سنان جیسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ حضرت لقمان کو عموماً حکیم مانا جاتا ہے، جبکہ خالد بن سنان کی نبوت کے بارے میں علماء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ گویا اس کتاب میں ہر برگزیدہ شخصیت سے منسوب ایک مخصوص حکمت کو انگشتری کے نگینے کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔

’فُصُوص‘ محی الدین ابن العربیؒ کی تصنیف ہے۔ دنیائے تصوف میں وہ ’شیخُ الاکبر‘ کے منفرد لقب سے معروف ہیں۔ ان کا پورا نام محمد بن علی بن محمد ابن العربی الحاتمی الطائی الاندلسی تھا۔ وہ ۱۱۶۵ء میں اندلس کے شہر مُرسِیَہ میں پیدا ہوئے۔ اَشْبِیلیہ میں پرورش پائی اور تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد قُرطُبہ، غَرناطہ اور اندلس کے دوسرے شہروں سے ہوتے ہوئے شمالی افریقہ پہنچے، جہاں فاس اور تُونِس میں قیام کیا۔ پھر قاہِرہ، بَیتُ المَقدِس اور مَکَّہ مُکَرَّمَہ کا سفر اختیار کیا۔ مشرق کی طرف ان کے اسفار میں بغداد، موصِل، قُونیَہ، مَلاطِیَہ اور حَلَب جیسے شہر بھی شامل تھے۔ بالآخر دِمَشق ان کا آخری مسکن بنا، جہاں انہوں نے زندگی کے آخری برس گزارے اور ۶۳۸ ہجری ، مطابق ۱۲۴۰ء میں وفات پائی۔ انہیں دمشق کے تاریخی محلے الصَّالِحِیَّہ میں، کوہِ قاسیون کے دامن میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں آج بھی ان کا مزار موجود ہے۔

محی الدین ابن العربیؒ نے بہت سی کتابیں تصنیف کیں، تاہم ان کی دو سب سے معروف تصانیف ’اَلْفُتُوحَاتُ الْمَکِّیَّةُ فِي مَعْرِفَةِ الْأَسْرَارِ الْمَالِكِيَّةِ وَالْمُلْكِيَّةِ‘ اور ’فُصُوصُ الْحِکَمِ وَخُصُوصُ الْکَلِمِ‘ ہیں۔ ان کی تصانیف میں پیش کیے گئے افکار نے بعد کی کئی صدیوں میں اسلامی دنیا کے علماء، صوفیاء، فلاسفہ اور شعراء کو متاثر کیا ہے، تاہم ان کے بعض نظریات پر شدید علمی اختلافات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

شیخ الاکبر محی الدین ابن العربیؒ کی دیگر تصانیف کی طرح ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ بھی نہایت مشکل اور دقیق تصنیف ہے۔ اس کتاب کی عربی نہایت بلیغ، رمز آمیز اور اصطلاحاتِ تصوف سے بھرپور ہے۔ بعض اوقات چند سطروں میں وجود، صفاتِ الٰہی، تجلی، نبوت اور حقیقتِ انسانی کے ایسے پیچیدہ مسائل سمو دیے گئے ہیں جن کی توضیح کے لیے شارحین کو کئی کئی صفحات لکھنا پڑے ہیں۔ اصل کتاب عموماً ایک جلد میں ملتی ہے، لیکن اس کی شروح اور تعلیقات کئی کئی جلدوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔

ابن العربیؒ نے یہ کتاب اپنی زندگی کے آخری دور میں دمشق میں مرتب کی۔ کتاب کے مقدمے میں وہ ایک غیر معمولی واقعہ بیان کرتے ہیں؛ ۶۲۷ھ کے ماہِ محرم کے آخری عشرے میں انہیں خواب میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی زیارت ہوئی۔ حضور اکرم ﷺ کے دستِ مبارک میں ایک کتاب تھی۔ آپ ﷺ نے فرمایا، ’یہ فصوص الحکم کی کتاب ہے، اسے لو اور لوگوں تک پہنچاؤ تاکہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔‘ ابن العربیؒ لکھتے ہیں کہ اس رؤیا کے بعد انہوں نے اس کتاب کو لوگوں تک پہنچانے کا ارادہ کیا۔ (بحوالہ: محی الدین ابن العربیؒ، ’فُصُوصُ الْحِکَم‘، مقدمۂ مصنف، تحقیق ابو العلا عفیفی، قاہرہ، ۱۹۴۶ء)

دمشق میں مرتب ہونے والی اس کتاب نے رفتہ رفتہ عالمِ اسلام کے علمی اور صوفیانہ حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل کر لی۔ آئندہ صدیوں میں اس کے قلمی نسخے عالمِ اسلام کے مختلف حصوں میں پہنچے اور نقل در نقل ہوتے رہے۔ ان میں ایک نہایت اہم اور قدیم نسخہ وہ ہے جسے ابن العربیؒ کے ممتاز شاگرد حضرت صدرالدین قونویؒ نے ۶۳۰ھ میں اپنے قلم سے نقل کیا تھا اور جس پر خود ابن العربیؒ کی تصدیق بھی موجود ہے۔ ابن العربیؒ کے شاگردوں اور بعد کے شارحین نے اس کتاب کے دقیق مباحث کی توضیح کی، جس کے نتیجے میں ’فصوص‘ کے مطالعے، تدریس اور شرح نویسی کی ایک مستقل روایت قائم ہوئی۔

’فصوص الحکم‘ کے ابتدائی اور ممتاز شارحین میں حضرت صدرالدین قُونَوِیؒ (وفات ۱۲۷۴ء) کا نام خاص اہمیت رکھتا ہے، جو ابن العربیؒ کے براہِ راست شاگرد اور ان کے فلسفیانہ افکار کے بڑے شارح تھے۔ ان کا پورا نام محمد بن اسحاق القونوی تھا۔ انہوں نے ابتدائی زندگی کا کچھ حصہ دمشق اور مصر میں گزارا، لیکن ان کی علمی و تدریسی زندگی کا اہم ترین مرکز اناطولیہ ( موجودہ ترکی کا ایک وسیع خطہ) کا شہر قُونِیَہ تھا، جہاں انہوں نے اپنی خانقاہ میں ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ کے درس دیے۔ ان کی علمی مجالس میں دور دور سے علماء اور صوفیاء شریک ہوتے تھے۔ اسی شہر میں ان کی وفات ہوئی اور یہیں ان کا مزار بھی ہے۔

’فصوص الحکم‘ کی برصغیر پاک و ہند میں نفوذ پذیری کی ابتدائی تاریخ کا ایک دلچسپ تعلق اولیاء کی دھرتی ملتان سے جا جڑتا ہے۔ تیرہویں صدی عیسوی میں فارسی کے مشہور صوفی شاعر حضرت فخرالدین ابراہیم عراقیؒ (وفات ۱۲۸۹ء) قلندروں کی ایک جماعت کے ساتھ ہندوستان آئے۔ مختلف مقامات پر گھومنے پھرنے کے بعد وہ ملتان پہنچے، جہاں انہوں نے حضرت شیخ بہاءالدین زکریا ملتانیؒ کی خانقاہ سے وابستگی اختیار کر لی۔ انہوں نے تقریباً پچیس برس ملتان میں گزارے۔ حضرت شیخ بہاءالدین زکریاؒ نے اپنی ایک صاحبزادی اُن کے عقد میں دے دی، جن سے ان کے ہاں ایک بیٹا، کبیرالدین، پیدا ہوا۔(بحوالہ: انسائیکلوپیڈیا ایرانیکا، جلد ۸، شمارہ ۵، صفحات ۵۳۸ تا ۵۴۰، ۱۹۹۸ء۔)

اپنے مرشد حضرت شیخ بہاءالدین زکریا ملتانیؒ کی وفات کے بعد فخرالدین عراقیؒ ملتان سے روانہ ہوئے۔ پہلے مکہ مکرمہ گئے اور پھر اناطولیہ کے شہر قُونِیَہ پہنچے، جہاں ان کی حضرت صدرالدین قونویؒ سے ملاقات ہوئی۔

قونویؒ اس زمانے میں ’فصوص الحکم‘ اور ابن العربیؒ کی دیگر تصانیف کا درس دیا کرتے تھے۔ فخرالدین عراقیؒ ان کی علمی مجالس میں شریک ہوئے اور شیخ اکبر کے افکار سے متاثر ہو کر اپنی مشہور فارسی تصنیف ’لَمَعات‘ لکھی، جس میں عشق و معرفت کے دقیق مباحث کو فارسی نثر اور شاعری کے امتزاج سے نہایت دل نشین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فخرالدین عراقیؒ نے ملتان چھوڑنے کے بعد بھی یہاں کے علمی حلقوں سے رابطہ قائم رکھا۔ ایک تاریخی روایت کے مطابق انہوں نے اپنی کتاب ’لمعات‘ کا ایک نسخہ حضرت بہاءالدین زکریا ملتانیؒ کے صاحبزادے اور جانشین حضرت شیخ صدرالدین عارفؒ کو بھجوایا۔ اس طرح ابن العربیؒ کے افکار سے متاثر ایک اہم فارسی تصنیف ملتان کی سہروردی خانقاہ تک پہنچی۔ ایک مستند روایت کے مطابق ’فصوص الحکم‘ کا نسخہ بھی اسی کے ہمراہ بھیجا گیا تھا، تاہم ’لمعات‘ کی ترسیل اس بات کی اہم تاریخی شہادت ہے کہ تیرہویں صدی ہی میں ملتان اور ابن العربیؒ کے مکتبِ فکر کے درمیان ایک علمی رابطہ قائم ہو چکا تھا۔ (بحوالہ: سید اطہر عباس رضوی، اے ہسٹری آف صوفی ازم ان انڈیا، جلد اول، ص ۲۴۰۔)

فخرالدین عراقیؒ کے ذریعے ملتان کی سہروردی خانقاہ سے ابن العربیؒ کے افکار کا جو ابتدائی علمی رابطہ قائم ہوا، اس کے اثرات بعد کی صدیوں میں بھی برقرار رہنے کے اہم تاریخی قرائن ملتے ہیں۔ چونکہ ہمارے موجودہ مضمون کا موضوعِ سخن پنجاب میں ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کی علمی پذیرائی کا جائزہ لینا ہے، اس لیے ہم اپنی گفتگو اسی خطے تک محدود رکھتے ہیں۔

چودھویں صدی کے ممتاز صوفی بزرگ حضرت شیخ رکن الدین ابوالفتح المعروف شاہ رکنِ عالمؒ (۱۲۵۱ء–۱۳۳۵ء)، جو حضرت شیخ صدرالدین عارفؒ کے صاحبزادے اور حضرت شیخ بہاءالدین زکریا ملتانیؒ کے پوتے تھے، نے اپنے اسلاف کی علمی و روحانی روایت کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اسے مزید پروان چڑھایا۔ چنانچہ یہ بات بعید از قیاس ہے کہ ’لمعات‘ کے ذریعے ان کے خانوادے کا ابن العربیؒ کے مکتبِ فکر سے جو علمی رابطہ قائم ہوا تھا، وہ حضرت شاہ رکنِ عالمؒ کے عہد میں یکسر منقطع ہو گیا ہوگا۔ اگرچہ ان کے ہاں ’فصوص الحکم‘ کی باقاعدہ تدریس کا کوئی صریح ثبوت ابھی دستیاب نہیں، تاہم اس علمی رابطے کے برقرار رہنے کا امکان اپنی جگہ موجود ہے۔

چودھویں صدی ہی میں اُوچ شریف کے ممتاز سہروردی بزرگ حضرت مخدوم سید جلال الدین بخاری المعروف مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ (۱۳۰۸ء–۱۳۸۴ء) کا علمی و روحانی اثر بھی پورے برصغیر میں محسوس کیا جاتا تھا۔ انہوں نے مختلف اسلامی ممالک کے سفر کیے اور عرب و عجم کے علماء و صوفیاء سے استفادہ کیا۔ ان کے ملفوظات کے متعدد مجموعے مرتب ہوئے، جن میں تصوف، معرفت اور دوسرے علوم کے اہم مباحث محفوظ ہیں۔

مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ کے حالات میں چودھویں صدی کے ایک دوسرے ممتاز صوفی بزرگ حضرت سید اشرف جہانگیر سمنانیؒ کے ساتھ ان کی ملاقات کا ذکر بھی ملتا ہے۔ سمنانیؒ ایران کے شہر سمنان کے ایک معزز سادات خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی سوانحی روایات کے مطابق انہوں نے اپنے ابتدائی علمی اسفار کے دوران ’فصوص الحکم‘ کے معروف شارح حضرت شیخ عبدالرزاق کاشانیؒ (وفات تقریباً ۱۳۳۵ء) سے استفادہ کیا اور ابن العربیؒ کے فلسفۂ وحدت الوجود سے گہری واقفیت حاصل کی۔ وہ اس فلسفے کے محض قاری ہی نہیں رہے بلکہ اس کے بعض ناقدین کے مقابلے میں ابن العربیؒ کے افکار کا دفاع بھی کرتے رہے۔

بعد ازاں حضرت سید اشرف جہانگیر سمنانیؒ ہندوستان آئے اور ملتان سے ہوتے ہوئے اُوچ شریف پہنچے، جہاں انہوں نے مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ کی صحبت اختیار کی۔ یہ ملاقات ہمارے موضوع کے اعتبار سے اس لیے نہایت اہم ہے کہ ایک طرف سمنانیؒ ابن العربیؒ کے ممتاز شارح عبدالرزاق کاشانیؒ سے براہِ راست استفادہ کر چکے تھے، جبکہ دوسری طرف مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ اس سہروردی علمی روایت کے نمائندے تھے جس کے ملتان کے مرکز سے فخرالدین عراقیؒ کا تعلق رہا تھا۔ ان دونوں بزرگوں کی ملاقات اور صحبت سے یہ رائے قائم کرنا بعید از قیاس نہیں کہ ان کے درمیان ابن العربیؒ کے فلسفۂ وحدت الوجود اور ’فصوص الحکم‘ کے مباحث پر بھی گفتگو ہوئی ہوگی اور مخدوم جہانیاں جہاں گشتؒ اس فکری روایت سے کسی نہ کسی درجے میں متاثر ہوئے ہوں گے۔ (بحوالہ: کارل ڈبلیو ارنسٹ اور برُوس بی لارنس، صوفی مارٹائرز آف لوو: چشتی صوفی ازم ان ساوتھ ایشیا اینڈ بییونڈ، ۲۰۰۲ ء، ص: ۴۴۔)

اس سلسلے میں اگلی اہم اور نسبتاً واضح شہادت سولھویں صدی عیسوی کے پنجاب سے ملتی ہے۔ سرہند کے ممتاز عالم اور صوفی بزرگ حضرت شیخ عبدالاحد سرہندیؒ (وفات ۱۰۰۷ھ، مطابق ۱۵۹۸ء) کو ابن العربیؒ کی تصانیف سے خصوصی شغف تھا۔ وہ اپنے زمانے کے مروجہ دینی، عقلی اور فلسفیانہ علوم کے ماہر تھے اور سرہند میں ایک علمی درسگاہ قائم کیے ہوئے تھے۔ ان کے حلقۂ درس میں تصوف کی دوسری اہم کتابوں کے ساتھ شیخ شہاب الدین سہروردیؒ کی ’عَوَارِفُ الْمَعَارِف‘ اور ابن العربیؒ کی ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ بھی باقاعدہ درسی کتابوں کے طور پر شامل تھیں۔

شیخ عبدالاحد سرہندیؒ کے شاگردوں میں سب سے نمایاں نام ان کے صاحبزادے حضرت شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانیؒ (۱۵۶۴ء–۱۶۲۴ء) کا ہے۔ انہوں نے اپنے والد سے تصوف کی دیگر کتابوں کے ساتھ ’فصوص الحکم‘ بھی پڑھی۔ بعد میں اگرچہ انہوں نے ابن العربیؒ کے بعض نظریات، بالخصوص وحدت الوجود کی مخصوص تعبیرات سے اختلاف کیا اور وحدت الشہود کے تصور کو نمایاں کیا، تاہم ابن العربیؒ کے افکار سے ان کی ابتدائی واقفیت اپنے والد ہی کے حلقۂ درس میں ہوئی تھی۔ یوں سولھویں صدی کے اواخر میں سرہند کی درسگاہ پنجاب میں ’فصوص الحکم‘ کی باقاعدہ تدریس کے ایک اہم تاریخی مرکز کے طور پر سامنے آتی ہے۔ (بحوالہ: میاں محمد شریف، مرتب، اے ہسٹری آف مسلم فیلسافی، جلد دوم، باب ۴۴، ص: ۱۲۲۔)

سترہویں صدی عیسوی میں پنجاب کی دھرتی سے ’فصوص الحکم‘ کے شارحین میں ایک نمایاں نام حضرت شیخ عبدالکریم چشتی صابری لاہوریؒ (وفات ۱۰۴۵ھ، مطابق ۱۶۳۵ء) کا سامنے آتا ہے۔ وہ لاہور کے نواں کوٹ میں ایک خانقاہ اور درسگاہ قائم کیے ہوئے تھے۔ ان کی تصانیف میں ’فصوص الحکم‘ کی شرح سے متعلق ایک فارسی تصنیف کا بھی ذکر ملتا ہے۔ اس کا تذکرہ پنجاب کے قدیم تذکروں کے علاوہ پروفیسر محمد اقبال مجددی کی مرتب کردہ مخطوطاتی فہرست میں بھی موجود ہے۔ اس فہرست میں ان کی ایک دوسری تصنیف ’مَصَابِیحُ الْعَارِفِین‘ کا قلمی نسخہ درج ہے، جس کے تعارف میں ’فصوص الحکم‘ کی شرح نویسی کا ذکر کیا گیا ہے۔ (بحوالہ: غلام سرور لاہوری، ’خزینۃ الاصفیاء‘، جلد اول، ص ۴۷۰–۴۷۱۔)

اٹھارہویں صدی کے اواخر اور انیسویں صدی کے اوائل میں لاہور ہی کے ایک اور عالم حضرت حافظ غلام محمد المعروف امام گامو لاہوریؒ (وفات ۱۸۲۸ء) نے ’فصوص الحکم‘ کی فارسی شرح لکھی۔ ان کا تعلق مسجد وزیر خان کے علماء اور ائمہ کے خاندان سے تھا۔ ان کی شرح کا ۱۲۷ اوراق پر مشتمل ایک قلمی نسخہ محفوظ ہے، جس کا اندراج پروفیسر محمد اقبال مجددی کی مرتب کردہ فہرست میں ملتا ہے۔ اس شرح کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ امام گاموؒ نے بعض مقامات پر ابن العربیؒ کے افکار سے اختلاف کیا اور دوسرے شارحین کی موافق و مخالف آراء بھی پیش کیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب میں ’فصوص الحکم‘ کا مطالعہ محض عقیدت تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کے دقیق فلسفیانہ مسائل پر تنقیدی بحث بھی کی جاتی تھی۔ (بحوالہ: پروفیسر محمد اقبال مجددی، ’فہرستِ مخطوطات‘، ص ۷۵–۷۶۔)

اسی عہد میں پنجاب کی چشتی خانقاہوں میں بھی ’فصوص الحکم‘ کے مطالعے اور تدریس کی روایت کے شواہد ملتے ہیں۔ اس سلسلے میں حضرت خواجہ نور محمد مہارویؒ (وفات ۱۲۰۵ھ، مطابق ۱۷۹۱ء) کا نام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی خانقاہ مہار شریف، موجودہ ضلع بہاولنگر، میں قائم تھی۔ ان کے ممتاز شاگرد حضرت خواجہ شاہ محمد سلیمان تونسویؒ کے حالات میں ذکر ملتا ہے کہ انہوں نے اپنے مرشد سے ’فصوص الحکم‘ سمیت تصوف کی متعدد دقیق کتابوں کا درس حاصل کیا۔ یوں مہار شریف کی خانقاہ بھی اس کتاب کی تعلیم کے اہم مراکز میں شامل نظر آتی ہے۔ (بحوالہ: حاجی نجم الدین سلیمانی، ’مناقب المحبوبین‘، تذکرۂ خواجہ نور محمد مہارویؒ و خواجہ سلیمان تونسویؒ، اردو ترجمہ و ترتیب افتخار احمد چشتی، اسلامک بک فاؤنڈیشن، لاہور، ۱۹۷۹ء۔)

حضرت خواجہ نور محمد مہارویؒ ہی کے ایک ممتاز خلیفہ حضرت حافظ محمد جمال اللہ ملتانیؒ (تقریباً ۱۷۴۷ء–۱۸۱۱ء) تھے۔ انہیں شیخ محی الدین ابن العربیؒ اور مولانا عبدالرحمٰن جامیؒ کی تصانیف سے خصوصی شغف تھا۔ ان کی سوانح میں ذکر ملتا ہے کہ ’فصوص الحکم‘ ان کی پسندیدہ کتابوں میں شامل تھی، بالخصوص اس کے آخری باب ’فَصِّ مُحَمَّدِی‘ سے انہیں غیر معمولی محبت تھی۔ روایت ہے کہ ان کے سامنے اس باب کا ذکر کیا جاتا تو وہ وجد میں آ جاتے۔ اس سے ملتان میں ’فصوص الحکم‘ کے مطالعے اور اس کے مضامین سے گہری روحانی وابستگی کی ایک دلچسپ شہادت سامنے آتی ہے۔

اس روایت میں سب سے نمایاں نام حضرت خواجہ شاہ محمد سلیمان تونسویؒ (۱۷۷۰ء–۱۸۵۰ء) کا ہے، جنہیں ’قبلۂ عالم‘ اور ’پیر پٹھان‘ کے القاب سے یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوٹ مٹھن کی اس درسگاہ میں حاصل کی جس کا تعلق خواجہ قاضی محمد عاقل کوریجہؒ کے علمی خاندان سے تھا۔ بعد میں حضرت خواجہ نور محمد مہارویؒ کے ہاتھ پر بیعت کی اور ان کی صحبت میں تصوف کی تعلیم حاصل کی۔ پھر تونسہ شریف میں اپنی خانقاہ اور مدرسہ قائم کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق تونسہ کی اس درسگاہ میں پنجاب کے علاوہ ہندوستان اور افغانستان کے مختلف علاقوں سے بھی طلبہ آتے تھے۔ (بحوالہ: محمد اعجاز اور طاہر محمود، ایجوکیشن ان انڈیا: اے کیس سٹڈی آف چشتی مدریساز ریسپانس ٹو کولونیل ایجوکیشن ان پنجاب، ۲۰۲۰ء ، ص ۹۵–۹۶)

خواجہ سلیمان تونسویؒ کے متعلق سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے سوانح نگاروں نے ان کے روزمرہ معمولات میں ’فصوص الحکم‘ کی تدریس کا باقاعدہ ذکر کیا ہے۔ روایت کے مطابق وہ صبح عبادات اور وظائف سے فارغ ہونے کے بعد لوگوں کے درمیان تشریف لاتے، جہاں تصوف کی کتابوں کا درس ہوتا تھا۔ ان کتابوں میں امام غزالیؒ کی ’اِحْیَاءُ عُلُومِ الدِّین‘، ’فَوَائِدُ الْفُؤَاد‘، ابن العربیؒ کی ’الفتوحات المکیہ‘ اور ’فصوص الحکم‘، نیز مولانا جامیؒ کی ’نَفَحَاتُ الْأُنْس‘ شامل تھیں۔ اس طرح خواجہ سلیمان تونسویؒ کے ہاں ’فصوص الحکم‘ کی باقاعدہ تدریس کی ایک واضح سوانحی شہادت ملتی ہے۔

انیسویں صدی عیسوی میں جنوبی پنجاب کے عظیم صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فرید مٹھن کوٹیؒ (۱۸۴۵ء–۱۹۰۱ء) کے ہاں ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کے مطالعے اور اس کی شروح سے گہری واقفیت کی ایک نہایت اہم شہادت ملتی ہے۔ خواجہ غلام فریدؒ کو عربی اور فارسی زبانوں پر غیر معمولی دسترس حاصل تھی اور ان کی شاعری میں ابن العربیؒ کے فلسفۂ وحدت الوجود کے اثرات نمایاں ہیں۔ اپنے ایک شعر میں وہ لکھتے ہیں:

مرشد فخر جہاں نے، کیتم اے ارشاد

عارف ابن العربی، ساڈا ہے استاد

(ترجمہ: میرے مرشد فخر جہاں نے مجھے یہ ارشاد فرمایا کہ عارف ابن العربیؒ ہمارے استاد ہیں۔)

خواجہ غلام فریدؒ کے مرشد فخرِ جہاں ان کے بڑے بھائی حضرت خواجہ غلام فخرالدینؒ تھے۔ اس شعر سے معلوم ہوتا ہے کہ ابن العربیؒ کے علمی و روحانی مرتبے سے خواجہ غلام فریدؒ کی واقفیت میں ان کے بڑے بھائی اور مرشد کا اہم کردار تھا۔ (بحوالہ: ’دیوانِ فرید‘، کافی نمبر ۲۹۔)

خواجہ غلام فریدؒ کے ملفوظات کے مجموعے ’مَقَابِیسُ الْمَجَالِس‘، المعروف ’اِشَارَاتِ فَرِیدِی‘، میں ایک مجلس کا ذکر ہے جس میں کسی شخص نے خواجہ صاحب سے حضرت شیخ داؤد قَیصَرِیؒ کے متعلق سوال کیا۔ خواجہ صاحب نے ان کے علمی و روحانی مرتبے کا اعتراف کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ بہت بڑے بزرگ تھے اور ’آپ کا جو کلام فصوص کی شرح میں دیکھنے میں آیا ہے مجھے بہت پسند ہے۔‘ اسی گفتگو میں انہوں نے ایک نہایت اہم بات فرمائی: ’فصوص الحکم کی چار شروح نہایت بلند ہیں۔‘

اس موقع پر شیخ مُؤَیَّدُالدِّین جُنْدِیؒ، شیخ داؤد قَیصَرِیؒ، مولانا عبدالرحمٰن جامیؒ اور شیخ مُحِبُّ اللہ الہ آبادیؒ کی شروح زیرِ بحث آئیں۔ یہ بیان جنوبی پنجاب میں ’فصوص الحکم‘ کی علمی پذیرائی کا ایک اہم ثبوت ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خواجہ غلام فریدؒ نہ صرف ابن العربیؒ کی اصل تصنیف سے واقف تھے بلکہ صدیوں کے دوران اس کتاب پر لکھی جانے والی عربی اور فارسی شروح اور ان کے مصنفین کے علمی مرتبے پر بھی گفتگو کرتے تھے۔ (بحوالہ: ’مقابیس المجالس، اشاراتِ فریدی‘، ص ۴۵۱–۴۵۲۔)

اسی عہد میں پنجاب کے ایک دوسرے ممتاز صوفی عالم حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑویؒ (۱۸۵۹ء–۱۹۳۷ء) کے ہاں بھی ’فصوص الحکم‘ کی باقاعدہ تدریس کا ثبوت ملتا ہے۔ پیر صاحب کو شیخ الاکبر محی الدین ابن العربیؒ کی تصانیف اور فلسفۂ وحدت الوجود سے خصوصی شغف تھا۔ ان کی سوانح میں لکھا ہے کہ وہ اپنی قیام گاہ کے باہر درختوں کے سائے میں ایک پتھر کی سل پر بیٹھ کر طالبانِ علم کو درس دیا کرتے تھے۔ ان دروس میں مولانا رومؒ کی ’مَثْنَوِی مَعْنَوِی‘، ابن العربیؒ کی ’الفتوحات المکیہ‘ اور ’فصوص الحکم‘ جیسی دقیق کتابیں بھی شامل تھیں۔ ان کتابوں کی تعلیم منتخب اور اعلیٰ استعداد رکھنے والے شاگردوں کو دی جاتی تھی۔

پیر مہر علی شاہؒ کی اس تدریسی روایت کی ایک اہم خصوصیت یہ تھی کہ ان کے ہاں ’فصوص الحکم‘ کو محض ایک صوفیانہ کتاب کے طور پر نہیں بلکہ اعلیٰ درجے کی علمی تعلیم کا حصہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کی سوانح کے مطابق ابتدا میں ان کے حلقۂ درس میں تقریباً پچاس طلبہ شریک ہوتے تھے، جن میں بعض ایسے بھی تھے جو دوسرے مدارس سے ابتدائی نصاب مکمل کرکے آئے تھے۔ پیر صاحب ان طلبہ کو اعلیٰ علوم پڑھاتے، جبکہ وہ اپنے سے کم درجے کے طلبہ کی تعلیم میں حصہ لیتے تھے۔ اس طرح گولڑہ شریف میں ایک باقاعدہ علمی ماحول موجود تھا، جس میں ’فصوص الحکم‘ جیسی مشکل اور دقیق کتاب کی تدریس بھی ہوتی تھی۔(بحوالہ: فیض احمد، ’مہرِ منیر‘، حالاتِ پیر مہر علی شاہ گولڑویؒ، باب متعلقہ درس و تدریس، ص: ۵۵-۵۶)

پیر مہر علی شاہؒ سے ’فصوص الحکم‘ پڑھنے والوں میں مولانا غلام محمد محدث گھوٹویؒ (۱۸۸۵ء–۱۹۴۸ء) کا نام خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ ان کے سوانحی حالات میں صراحت کے ساتھ درج ہے کہ انہوں نے حضرت پیر مہر علی شاہؒ سے صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے علاوہ ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ بھی پڑھیں۔ مولانا گھوٹویؒ نے بعد میں اپنی علمی زندگی کا ایک بڑا حصہ ملتان کے نواح میں واقع محمد پور گھوٹہ کے مدرسے میں گزارا۔ پھر ۱۹۲۵ء میں نواب سر صادق محمد خان عباسی خامس کی دعوت پر ریاست بہاولپور منتقل ہوئے اور وہاں قائم ہونے والی جامعہ عباسیہ کے پہلے شیخ الجامعہ مقرر ہوئے۔

پنجاب میں ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کے مطالعے اور تدریس کی ایک اور نہایت دلچسپ شہادت سیالکوٹ سے ملتی ہے، جہاں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ (۱۸۷۷ء–۱۹۳۸ء) کے والد شیخ نور محمدؒ، جو نہ کسی بڑی خانقاہ کے سجادہ نشین تھے اور نہ ہی معروف مدرس، کے گھر میں ابن العربیؒ کی دونوں مشہور تصانیف ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ کا باقاعدہ درس ہوتا تھا۔ اس کی شہادت کسی سوانح نگار کی روایت کے بجائے خود علامہ اقبالؒ کے ایک خط سے ملتی ہے۔

۲۴فروری ۱۹۱۶ء کو حضرت شاہ سلیمان پُھلواروی کے نام ایک مکتوب میں اقبالؒ نے شیخ الاکبر ابن العربیؒ، ان کی تصانیف، اپنے والد کے علمی شغف اور اپنے فکری اختلافات کے بارے میں تفصیل سے لکھا:

’’شیخ اکبر محی الدین ابن عربیؒ کی نسبت کوئی بدظنی نہیں بلکہ مجھے ان سے محبت ہے۔ میرے والد کو ’فتوحات‘ اور ’فصوص‘ سے کمال توغل رہا ہے اور چار برس کی عمر سے میرے کانوں میں ان کا نام اور ان کی تعلیم پڑنی شروع ہوئی، برسوں تک ان دونوں کتابوں کا درس ہمارے گھر میں رہا۔ گو بچپن کے دنوں میں مجھے ان مسائل کی سمجھ نہ تھی تاہم محفل درس میں ہر روز شریک ہوتا، بعد میں جب عربی سیکھی تو کچھ کچھ خود پڑھنے لگا اور جوں جوں علم اور تجربہ بڑھتا گیا میرا شوق اور واقفیت زیادہ ہوتی گئی۔ اس وقت میرا عقیدہ یہ ہے کہ حضرت شیخ کی تعلیمات قرآن کے مطابق نہیں ہیں اور نہ کسی تاویل و تشریح سے اس کے مطابق ہو سکتی ہیں لیکن یہ بالکل ممکن ہے کہ میں نے شیخ کا مفہوم غلط سمجھا ہو۔ کئی سالوں تک میرا یہی خیال رہا ہے کہ میں غلطی پر ہوں، گو اب میں سمجھتا ہوں کہ میں ایک قطعی نتیجے تک پہنچ گیا ہوں لیکن اس وقت بھی مجھے اپنے خیال کے لیے کوئی ضد نہیں اس واسطے بذریعہ عریضہ ہذا آپ کی خدمت میں ملتمس ہوں کہ از راہ عنائت و مکرمت چند اشارات تسطیر فرما دیں۔ میں ان اشارات کی روشنی میں ’فصوص‘ اور ’فتوحات‘ کو پھر دیکھوں گا اور اپنے علم ورائے میں مناسب ترمیم کرلوں گا۔‘‘(بحوالہ: رفیع الدین ہاشمی، مرتب، ’خطوطِ اقبال‘، لاہور: خیابانِ ادب، ۱۹۷۶ء، ص ۱۱۷، مکتوب بنام شاہ سلیمان پھلواروی، ۲۴ فروری ۱۹۱۶ء۔)

اقبالؒ کا یہ مکتوب پنجاب میں ’فصوص الحکم‘ کی علمی پذیرائی کے حوالے سے ایک نہایت اہم تاریخی دستاویز ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انیسویں صدی کے آخری عشروں میں سیالکوٹ کے ایک عام دین دار گھرانے میں بھی ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ جیسی دقیق عربی کتابوں کی باقاعدہ درس خوانی ہوتی تھی اور کم عمر اقبالؒ بھی ان مجالس میں روزانہ شریک ہوتے تھے۔ بعد میں عربی زبان سیکھنے کے بعد انہوں نے خود بھی ان کتابوں کا مطالعہ کیا۔ تاہم اس خط سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ درس خود شیخ نور محمدؒ دیتے تھے یا کوئی دوسرے عالم۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تصوف کی اس علمی روایت میں پرورش پانے والے علامہ اقبالؒ نے بعد میں ابن العربیؒ کے بعض فلسفیانہ نظریات پر سخت اعتراضات کیے۔ ۱۹ جولائی ۱۹۱۴ء کو منشی سراج الدین کے نام ایک خط میں انہوں نے فخرالدین عراقیؒ کی ’لَمَعات‘ کا ذکر کرتے ہوئے ’فصوص الحکم‘ کے متعلق یہاں تک لکھ دیا کہ ان کے علم کے مطابق اس میں زندقہ اور الحاد کے سوا کچھ نہیں۔ یہ رائے اقبالؒ کی فکری زندگی کے اس مرحلے سے تعلق رکھتی ہے جب وہ انسانی خودی، عمل اور مسلمانوں کے اجتماعی احیا کے تصورات کو اپنے فلسفے کی بنیاد بنا رہے تھے۔ انہیں وحدت الوجود کی بعض ایسی تعبیرات سے اختلاف تھا جن سے ان کے خیال میں انسانی شخصیت کی انفرادیت اور قوتِ عمل متاثر ہوتی تھی۔ (بحوالہ: ڈاکٹر وحید عشرت، ’تصوف اور وحدت الوجود شیخ الاکبر اور اقبال کی نظر میں‘، ’اقبالیات‘، جولائی تا ستمبر ۲۰۰۱ء، مکتوب بنام منشی سراج الدین، ۱۹ جولائی ۱۹۱۴ء۔)

لیکن ابن العربیؒ کے بعض نظریات سے یہ شدید اختلاف ان کی علمی عظمت سے انکار کے مترادف نہیں تھا۔ ۳۰ ستمبر ۱۹۱۵ء کو خواجہ حسن نظامی کے نام ایک خط میں اقبالؒ نے واضح کیا کہ وہ شیخ اکبرؒ کی عظمت اور فضیلت کے قائل ہیں اور انہیں اسلام کے بڑے حکماء میں شمار کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک ابن العربیؒ نے اپنے بعض عقائد قرآنِ حکیم کی تاویل کی بنیاد پر اخذ کیے تھے، اگرچہ اقبالؒ خود ان تاویلات کو درست نہیں سمجھتے تھے۔ انہوں نے توحید اور وحدت الوجود کے درمیان بھی ایک بنیادی فرق قائم کیا۔ ان کے نزدیک توحید ایک مذہبی اور اعتقادی مسئلہ ہے، جبکہ وحدت الوجود کائنات کی حقیقتِ وجود سے متعلق ایک فلسفیانہ مسئلہ ہے۔ اقبالؒ کا کہنا تھا کہ ان دونوں مسائل کو ایک سمجھنے سے مذہبی فکر میں الجھنیں پیدا ہوئی ہیں۔ (بحوالہ: ’اقبال نامہ‘، جلد اول، مکتوب بنام خواجہ حسن نظامی، ۳۰ ستمبر ۱۹۱۵ء؛ نیز ڈاکٹر وحید عشرت، ’تصوف اور وحدت الوجود شیخ الاکبر اور اقبال کی نظر میں‘، ’اقبالیات‘، ۲۰۰۱ء۔)

شاہ سلیمان پھلواروی کے نام ۲۴ فروری ۱۹۱۶ء کا خط، جس کی عبارت اوپر نقل کی جا چکی ہے، اقبالؒ کے اس فکری اختلاف کا ایک اور نہایت اہم پہلو سامنے لاتا ہے۔ اس خط میں انہوں نے ابن العربیؒ کی تعلیمات کے متعلق اپنے اعتراضات بیان کرنے کے ساتھ یہ امکان بھی تسلیم کیا کہ شاید وہ شیخ اکبرؒ کا اصل مفہوم درست طور پر سمجھنے میں کامیاب نہ ہوئے ہوں۔ چنانچہ انہوں نے شاہ سلیمان پھلواروی سے علمی رہنمائی طلب کی، تاکہ ان کے اشارات کی روشنی میں ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ کا دوبارہ مطالعہ کرکے ضرورت پڑنے پر اپنی رائے میں ترمیم کر سکیں۔ یہ اقبالؒ کی علمی زندگی کی ایک قابلِ توجہ شہادت ہے کہ وہ اپنے شدید اختلاف کے باوجود اصل کتابوں کی طرف دوبارہ رجوع کرنے اور اپنے مؤقف پر نظرثانی کے لیے آمادہ تھے۔

اس سلسلے کی ایک اور اہم دستاویز ۸ اگست ۱۹۳۳ء کا وہ خط ہے جو اقبالؒ نے ممتاز عالم و محقق مولانا سید سلیمان ندویؒ کو لکھا۔ اس میں انہوں نے شیخ اکبرؒ کے تصورِ زمان کے متعلق علمی سوالات اٹھائے اور دریافت کیا کہ ابن العربیؒ نے ’فتوحات مکیہ‘ یا اپنی دوسری تصانیف میں حقیقتِ زمان پر کہاں کہاں بحث کی ہے۔ انہوں نے دوسرے صوفی علماء، متکلمین اور فلاسفہ کی تصانیف کے متعلق بھی معلومات طلب کیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ عمر کے اس حصے میں بھی ابن العربیؒ کی فکر اقبالؒ کے فلسفیانہ مطالعے اور تحقیق کا موضوع بنی ہوئی تھی۔ (بحوالہ: طاہر تونسوی، ’اقبال اور سید سلیمان ندوی‘، مکتبہ عالیہ، لاہور، ۱۹۷۷ء، ص ۸۹–۹۰؛ نیز ڈاکٹر وحید عشرت، ’اقبالیات‘، ۲۰۰۱ء۔)

اس خط کے صرف دس روز بعد، ۱۸ اگست ۱۹۳۳ء کو اقبالؒ نے حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑویؒ کے نام بھی ایک خط لکھا۔ یہ خط ہمارے موضوع کے اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ پیر مہر علی شاہؒ خود ’فصوص الحکم‘ اور ’فتوحات مکیہ‘ کے مدرس اور ابن العربیؒ کے افکار کے ممتاز عالم تھے۔ اقبالؒ نے پیر صاحب سے درخواست کی کہ وہ حقیقتِ زمان کے متعلق ابن العربیؒ کے نظریات کی وضاحت فرمائیں اور ان کی تصانیف کے ان مقامات کی نشان دہی کریں جہاں اس موضوع پر بحث کی گئی ہے۔ اقبالؒ نے اس خط میں پیر صاحب کے علمی مرتبے کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ اس مقصد کے لیے انہیں ہندوستان بھر میں کوئی دوسرا دروازہ دکھائی نہیں دیتا جسے کھٹکھٹایا جا سکے۔ (بحوالہ: شیخ عطاء اللہ، مرتب، ’اقبال نامہ‘، جلد اول، ص ۴۴۳، مکتوب بنام پیر مہر علی شاہ، ۱۸ اگست ۱۹۳۳ء؛ نیز فیض احمد، ’مہرِ منیر‘، متعلقہ مکتوب۔)

پیر مہر علی شاہؒ کی سوانح ’مہرِ منیر‘ کے مطابق اس زمانے میں پیر صاحب کی صحت اور معمولات میں نمایاں تبدیلی آ چکی تھی۔ ان پر استغراق کی کیفیت غالب رہتی تھی اور وہ پہلے کی طرح علمی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے تھے۔ اقبالؒ کا خط انہیں پڑھ کر سنایا گیا، لیکن ناسازیِ طبع کے باعث وہ ان کے سوالات کا تفصیلی جواب نہ دے سکے۔ تاہم اس خط کی تاریخی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے، کیونکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ابن العربیؒ سے شدید فکری اختلاف رکھنے والا اقبالؒ بھی ان کی تعلیمات کو سمجھنے کے لیے گولڑہ شریف کے ایک ممتاز صوفی عالم سے رہنمائی کا خواہش مند تھا۔ (بحوالہ: فیض احمد، ’مہرِ منیر‘، حالاتِ پیر مہر علی شاہؒ، واقعۂ مکتوبِ اقبال، ۱۹۳۳ء۔)

سیالکوٹ میں شیخ نور محمدؒ کے گھر ’فصوص الحکم‘ کی درس خوانی، پھر اقبالؒ کا اس کتاب کے بعض نظریات سے اختلاف، اور بالآخر گولڑہ شریف کے پیر مہر علی شاہؒ سے علمی رہنمائی طلب کرنا، پنجاب میں اس کتاب کی علمی پذیرائی کی ایک منفرد صورت سامنے لاتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ’فصوص الحکم‘ یہاں محض عقیدت سے پڑھی جانے والی کتاب نہیں تھی، بلکہ اس کے فلسفیانہ مضامین پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جاتے تھے، علمی اختلافات ہوتے تھے اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء سے ان مسائل کی توضیح طلب کی جاتی تھی۔

اس رائے سے کسی کو اختلاف نہیں کہ پنجاب صدیوں سے ایک علم پرور خطہ رہا ہے۔ عربی اور فارسی، دونوں زبانوں کا ادب، بالخصوص صوفیانہ ادب، یہاں نہ صرف زیرِ مطالعہ رہا بلکہ علمی مجالس میں زیرِ بحث بھی آتا رہا۔ اگرچہ یہاں کے باشندوں کی بول چال کی زبان عربی نہ تھی، تاہم قرآنِ حکیم کی اس زبان کو یہاں کے اہلِ علم نے محنت، لگن اور شوق سے سیکھا، عربی زبان و ادب میں مہارت حاصل کی اور اس کے دقیق علمی، فکری اور فلسفیانہ مباحث سے بھی واقفیت پیدا کی۔ اسی علمی ذوق، شوقِ مطالعہ اور زبان دانی کا نتیجہ تھا کہ ابن العربیؒ جیسے نہایت دقیق اور رمزآمیز عربی لکھنے والے صوفی حکماء اور فلاسفہ کی تصانیف نہ صرف مدارس، مکاتب اور خانقاہوں میں پڑھی اور پڑھائی گئیں بلکہ ان کی شروح اور حواشی بھی لکھے گئے۔

عربی اور فارسی کی اس علمی روایت کو بعد میں اردو زبان نے بھی آگے بڑھایا۔ پنجاب، بالخصوص لاہور، میں ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کے اردو تراجم اور تشریحات کی اشاعت اس سلسلے کی ایک اہم مثال ہے۔ مولانا عبدالقدیر صدیقیؒ کے معروف اردو ترجمے کا ایک ایڈیشن ۱۹۹۲ء میں نذیر سنز پبلشرز، لاہور، سے شائع ہوا۔ بعد میں ان کے نبیرہ محمد عبدالاحد صدیقی نے اسی ترجمے اور شرح کی زبان کو مزید سہل اور عام فہم انداز میں مرتب کیا، جس کا لاہوری کتابیاتی حوالہ بھی ملتا ہے۔ اسی طرح محمد ریاض قادری نے ’فصوص الحکم والایقان‘ کے عنوان سے اردو ترجمہ و شرح مرتب کی، جو جنوری ۲۰۰۶ء میں علم و عرفان پبلشرز، لاہور، سے شائع ہوئی۔ یہ ۳۵۷ صفحات پر مشتمل تصنیف ہے۔ ان مطبوعات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس دقیق عربی کتاب کو اردو خواں طبقے تک پہنچانے اور اس کے مشکل فلسفیانہ و صوفیانہ مباحث کو نسبتاً آسان زبان میں سمجھانے کی کوششیں مسلسل جاری رہیں۔

پنجاب میں ’فصوص الحکم‘ کے مطالعہ اور تدریس سے متعلق دستیاب تاریخی شہادتیں اس کتاب سے یہاں کے اہلِ علم کی غیر معمولی وابستگی اور ان کے فراخ دلانہ علمی رویے کی عکاسی کرتی ہیں۔ یہاں اس کتاب کو نہ صرف پڑھا اور پڑھایا گیا بلکہ اس کی شروح اور حواشی بھی لکھے گئے۔ اس کے مضامین کو صوفیانہ فکر اور شاعری میں جگہ ملی، اس کے دقیق مسائل پر علمی مباحث ہوئے اور بعض نظریات پر اعتراضات بھی اٹھائے گئے۔ گویا اہلِ پنجاب نے اس کتاب کو محض عقیدت کی نگاہ سے نہیں دیکھا بلکہ اسے تحقیق، بحث و تمحیص اور تنقیدی مطالعے کا موضوع بھی بنایا۔

یہی علمی وسعت، فکری کشادگی اور اختلافِ رائے کی گنجائش ’فُصُوصُ الْحِکَم‘ کی پنجاب میں علمی پذیرائی کا سب سے اہم اور امتیازی پہلو ہے۔

تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان